اسلام آباد۔31جولائی (اے پی پی):اپریل تا جون 2024 کے دوران صارفین کو زائد بل موصول ہونے کے معاملے پر نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کے افسران نے اپنی رپورٹ مرتب کر کے اتھارٹی کو پیش کر دی ہے،رپورٹ میں تمام تقسیم کار کمپنیاں بشمول کے الیکٹرک زائد بلنگ میں ملوث پائی گئی ہیں۔
نیپرا اتھارٹی نے تمام تقسیم کار کمپنیوں بشمول کے الیکٹرک کو زائد بلنگ کے معاملے پر وضاحت طلب کر لی ہے۔ ترجمان نیپرا کے بدھ کو جاری بیان کے مطابق اتھارٹی نے رپورٹ کی روشنی میں تقسیم کار کمپنیوں بشمول کے الیکٹرک کو ہدایات جاری کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔
نیپرا نے ہدایات جاری کیں ہیں کہ اپریل 2024 سے جون 2024 کے دوران مقررہ بلنگ مہینوں سے کم ریڈنگز کے لیے تناسب کی بنیاد پر وصول کیے گئے صارفین کو ریکارڈ شدہ اصل یونٹس کے ساتھ ایڈجسٹ کیا جائے،مقررہ بلنگ مہینے سے کم ریڈنگ کے لیے تناسب کی بنیاد پر وصول کیے گئے صارفین جو بل ادا نہیں کر سکے ان پر لیٹ پیمنٹ سرچارج (ایل پی ایس) نہیں لگایا جائے گا اور جن صارفین نے ایل پی ایس کے ساتھ بلوں کی ادائیگی کی ہے انہیں بھی ایڈجسٹ کیا جائے ۔
اوسط بلنگ سے بچنے کے لیے فوری طور پر خراب میٹروں کو تبدیل کیا جائے، تمام ڈسکوز بشمول کے الیکٹرک کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ میٹر ریڈنگ میں کنزیومر سروسز مینول کی شقوں پر عمل کریں اور تمام ہدایات کی تعمیل کی رپورٹ تیس (30) دنوں کے اندر جمع کرائی جائے۔