اسلام آباد۔14اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیرصحت مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ 21اپریل سے نئی انسداد پولیو شروع کررہے ہیں ، پولیوکےخاتمے کیلئے دستیاب وسائل بروئے کارلائیں گے ،حکومت پولیوٹیم کی سیکورٹی یقینی بنائے گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ کچھ لوگ بچوں کوپولیوسے بچائوکےقطرے نہیں پلاتے،فرنٹ لائن ورکرز گھرگھر جا کر پولیوسے بچائوکےقطرے پلاتے ہیں ،حکومت پولیوٹیم کی سیکورٹی یقینی بنائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ بہت سے علاقوں کےسیوریج میں پولیووائرس موجود ہے، کینسر کا علاج موجودہے لیکن پولیوکی بیماری کا علاج موجود نہیں ،شعبہ صحت کی بہتری کیلئے اقدامات اٹھارہے ہیں ،بہترین پلاننگ کی بدولت پولیوسے جان چھڑالیں گے ۔
انہوں نے کہا کہ حلف اٹھانے کے بعد چاروں صوبوں کےوزرائے صحت سے رابطہ کیا ، اس سال ملک میں پولیوکے6 کیسزسامنے آئے ،پولیوصرف پاکستان اورافغانستان میں باقی رہ گیا ہے ،ہم رواں سال دسمبرتک ملک سے پولیوکاخاتمہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پولیوکےمعاملے پر پوری قوم کو ایک ہونا ہو گا، ہم 21اپریل سے نئی انسدادپولیومہم شروع کررہے ہیں ،اس سال پاکستان اورافغانستان میں ایک ساتھ مہم شروع اورختم ہوگی ۔ مصطفیٰ کمال نے کہا کہ افغانستان میں طالبان حکومت بھی بچوں کو پول کے قطرے پلا رہی ہے، مذہب کا ا نسداد پولیو مہم سے کوئی تعلق نہیں ، پولیوکےخاتمے کیلئے دستیاب وسائل بروئے کارلائیں گے ۔