اپر کوہستان ۔ 05 جون (اے پی پی):اپر کوہستان کے تھانہ داسو کی پولیس نے پراجیکٹ ایریا میں سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کے دوران پستول برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ شعبہ اطلاعات و تعلقات عامہ اپر کوہستان پولیس کے مطابق ضلع میں امن و امان کی فضا برقرار رکھنے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف ایس ڈی پی او سرکل داسو سجاد محمد کی زیر نگرانی ایس ایچ او تھانہ داسو خلیل الرحمان نے پولیس ٹیم کے ہمراہ تھانہ داسو کی حدود میں پراجیکٹ ایریا کے مختلف علاقوں میں سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشنز کا انعقاد کیا۔
پولیس نے دوران کارروائی چائنیز رہائشی کیمپس کے ارد گرد کے تمام علاقوں کو مکمل سرچ کیا، اس دوران پولیس نے غیر قانونی اسلحہ ایمونیشن کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے ایک پستول اور 25 کارتوس برآمد کر کے ملزم کے خلاف اسلحہ آرڈیننس کے تحت مقدمہ درج رجسٹر کیا۔ اس دوران پراجیکٹ ورک سائٹ و کیمپس میں موجود ورکرز کو سکیورٹی کے حوالے سے ہدایات دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مشکوک افراد کی اطلاع فوراً پولیس کو دیں۔