اپر کوہستان۔ 05 دسمبر (اے پی پی):اپر کوہستان پولیس کی جانب سے ٹرانسفر ہونے والے ڈی پی او مختیار احمد کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
ترجمان اپر کوہستان پولیس کے مطابق تقریب میں ڈپٹی کمشنر اپر کوہستان طارق علی خان، ڈی او ایف سی محمد فہیم، پاک فوج کے افسران، ضلع کی سینئر پولیس قیادت نے شرکت کی۔ ڈی پی او اپر کوہستان مختیار احمد نے الوداعی تقریب کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے اپنی ٹیم پر فخر ہے جس نے میرے ویژن کے مطابق کسی پریشر کی پرواہ نہ کرتے ہوئے عوام کی خدمت کی اور بے کسوں کی داد رسی کی، اپر کوہستان پولیس ان تمام کمزور عناصر کی آواز ہے جو کسی با اثر ظالم کے ظلم کے خلاف تھانوں کا رخ کرتے ہیں۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نے تمام پولیس افسران کو آئندہ بھی اسی محنت اور لگن سے کام کرنے کی تاکید کی۔انہوں نے مزید کہا کہ اپر کوہستان کے عوام امن پسند ہیں اور کوہستان ایک پر امن ضلع ہے، کوہستانی عوام تمام مسائل پولیس کے ساتھ مل کر تعاون سے حل کرتے ہیں۔
اپر کوہستان کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ڈی پی او مختیار احمد نے کہا کہ علماء کرام، معززین علاقہ، ڈی آر سی ممبران اور پبلک لیزان کمیٹی کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں جو میرے ساتھ اور اپر کوہستان پولیس کے ساتھ ہر مشکل وقت میں کھڑے رہے اور علاقہ میں امن و امان قائم رکھنے میں اپنا کردار ادا کیا۔ تقریب کے آخر میں افسران نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کو شیلڈ اور تحائف پیش کئے۔