اپر کوہستان ۔ 28 نومبر (اے پی پی):اپر کوہستان میں انسداد پولیو مہم دوسرے روز سخت سکیورٹی انتظامات کے ساتھ جاری رہی۔ اپر کوہستان پولیس کے مطابق ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر راجہ خان و ایس ڈی پی اوز نے انسداد پولیو مہم کے دوسرے روز سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے مختلف پوائنٹس کا دورہ کیا۔ پولیو ٹیموں کی سکیورٹی یقینی بنانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، ضلع کے تمام داخلی اور خارجی راستوں پر پولیس اہلکاروں کو الرٹ کر دیا گیا اور مختلف مقامات پر پولیس کی اضافی ناکہ بندیاں قائم کر کے چیکنگ کے عمل کو مزید سخت کر دیا گیا ہے ۔
ڈی پی او محمد خالد خان نے کہا ہے کہ انسدادِ پولیو مہم کے پرامن انعقاد کو یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ افسران کو خصوصی ہدایت کی گئی ہے کہ اپنی اپنی حدود میں انسداد پولیو مہم کے اختتام تک روڈ اور تمام پولیو ٹیموں کی بذات خود نگرانی کریں، دوران ڈیوٹی الرٹ اور چوکس رہیں، اپنے تحفظ کی خاطر بلٹ پروف جیکٹ و ہیلمٹ لازمی استعمال کریں، ٹیموں کی حفاظت کے ساتھ اپنی حفاظت کو یقینی بنائیں۔ ڈی پی او نے کہا کہ پولیو ڈیوٹی کے ساتھ اردگرد کے ماحول اور سماج دشمن عناصر پر بھی کڑی نظر رکھ کر اپنی اور عوام کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=414819