اپر کوہستان۔ 22 دسمبر (اے پی پی):ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اپر کوہستان فرمان اللہ کی ہدایت پر داسو ڈیم پر کام کرنے والے چینیوں اور دیگر غیر ملکیوں کی سکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لئے سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشنز کا سلسلہ جاری ہے۔
شعبہ اطلاعات و تعلقات عامہ اپر کوہستان پولیس کے مطابق ایس ایچ او تھانہ کمیلا جوہرداد شاہ نے پولیس ٹیم کے ہمراہ ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر مسعود خان کی زیر نگرانی کس کیمپ و گردونواح اور ڈیم ورک سائٹس پر سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کیا، جس کے دوران مشکوک افراد، گاڑیوں اور موٹر سائکلز کو چیک کر کے حسب ضابطہ کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔
امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لئے ضلع کے انٹری پوائنٹ زید کھاڑ چیک پوسٹ و دیگر مقامات پر پولیس کی جانب سے سخت ناکہ بندی اور چیکنگ کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن میں ڈسٹرکٹ پولیس، ایس ایس یو اور ایلیٹ فورس نے حصہ لیا۔