سیالکوٹ۔ 14 اپریل (اے پی پی):سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ آج کا رنگا رنگ ثقافتی میلہ ہماری سرزمین کی خوبصورتی، ہماری تہذیب کی چمک، ہمارے عوام کی زندہ دلی کا جیتا جاگتا ثبوت ہے، میں تمام منتظمین، فنکاروں اور معزز مہمانوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دیتی ہوں جنہوں نے اپنی محنت اور جذبے سے اس خوبصورت تقریب کو ممکن بنایا اور اس قدر رونق بخشی ، یہ پنجاب کی روشن روایات میں ایک خوش گوار اضافہ ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سجاد میموریل سپورٹس کمپلیکس کوبےچک میں منعقدہ ثقافتی میلے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ اپنی روایات سے جڑے رہنا اور اپنے کلچر سے پیار کرنا زندہ و خوددار قوموں کی پہچان ہے، جو قومیں اپنی ثقافت کو بھول جاتی ہیں، وہ اپنی پہچان کھو بیٹھتی ہیں،ہماری دھرتی، ہمارا لباس، ہمارے گیت، ہمارے لوک رقص، یہ سب ہماری شناخت کے رنگ ہیں اور ان رنگوں کو اجاگر کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں سمجھتی ہوں کہ ایسے میلوں ،تقریبات کے ذریعے نہ صرف ہماری نئی نسل کو اپنی ثقافتی جڑوں سے جوڑا جا سکتا ہے بلکہ یہ ہمارے مقامی ہنر مندوں، کاریگروں، اور فنکاروں کے لیے بھی ایک امید کی کرن ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ آج یہاں کی خوشبو، رنگ اور موسیقی نے یہ ثابت کر دیا کہ کوبےچک جیسے علاقے بھی قومی ثقافت کی دھڑکن ہیں،ان کی آواز کو بلند کرنا ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا میں عوام سے بھی اپیل کرتی ہوں کہ ثقافتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے باقاعدہ ایسی تقریبات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ ہم اپنی لوک تہذیب کو نہ صرف محفوظ کر سکیں بلکہ دنیا کے سامنے فخر سے پیش بھی کر سکیں۔آخر میں انہوں نے کہا کہ آئیے عہد کریں کہ ہم اپنی تہذیب، ثقافت اور روایات کو نہ صرف زندہ رکھیں گے بلکہ ان پر فخر کرتے ہوئے آنے والی نسلوں تک منتقل کریں گے،یہی ترقی کا اصل راستہ ہے، یہی شناخت کا اصل ذریعہ ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=581896