لاہور۔31مئی (اے پی پی):وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے عالمی یومِ انسدادِ تمباکو پراپنے پیغام میں کہاہے کہ تمباکو نوشی وباء ہے،اپنی زندگیوں، گھروں اور پیاروں کو تمباکو کے زہر سے محفوظ رکھیں ۔تمباکو کا ہر کش، ایک نئی بیماری کی طرف قدم اور ہر سگریٹ ہماری نسلوں کے مستقبل کو دھوئیں میں لپیٹ دیتا ہے۔تمباکو نوشی صرف ایک عادت نہیں بلکہ صحت، معیشت اور معاشرت پر حملہ ہے۔
وزیراعلی مریم نوازشریف نے کہاکہ سکولوں، ہسپتالوں اور دیگر عوامی مقامات کو تمباکو سے پاک بنانے کے لیے حکومت پنجاب قانونی اقدامات کر رہی ہے۔نوجوانوں کو تمباکو نوشی سے بچانے کے لیے آگاہی مہمات کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔والدین، اساتذہ، علمائے کرام اور سول سوسائٹی سے اپیل ہے کہ تمباکو نوشی کے خلاف مہم میں حکومت کا ساتھ دیں۔ انہوں نے کہاکہ تمباکو نوشی کے بارے آگاہی صرف حکومت کی نہیں، ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔