اپنے ارد گرد موجود ضرورت مندوں اور سفید پوشوں کو عید کی خوشیوں میں شریک کریں،وزیراعظم شہباز شریف کاعیدالاضحیٰ کے موقع پر پیغام

58

اسلام آباد۔10جولائی (اے پی پی):وزیراعظم شہباز شریف نےعیدالاضحیٰ کے موقع پر مشکلات و مصائب کے شکار بھائیوں بہنوں کی مدد پر خصوصی توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا ہے کہ مہنگائی کی عالمی لہر کے اثرات کی وجہ سے اپنے ارد گرد موجود ضرورت مندوں اور سفید پوشوں کو عید کی خوشیوں میں شریک کریں ۔بالخصوص نوجوان معاشرے میں تحمل، برداشت، ایثار وقربانی کی عملی مثال بنیں، معاشرے میں اپنے اخلاق و اقدار سے حقیقی تبدیلی لائیں ۔انہوں نے یہ بات عیدالاضحٰی کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کہی جو اتوار کو ملک بھر میں منائی جا رہی ہے ۔

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستانیوں سمیت تمام امت مسلمہ کو عیدالاضحٰی کی مبارک باد اور نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے خلیل حضرت ابراہیم (ع) اور ان کے عظیم فرزند حضرت اسماعیل(ع) کی فرمانبرداری کو انتہائی پسند فرماتے ہوئے قربانی کی عظیم روایت بنا دی۔ انہوں نے کہاکہ قربانی کا اصل مفہوم اللہ رب العزت کی اطاعت و فرمانبرداری ہے اللہ تعالیٰ اپنے اطاعت گزار بندوں کی نیت دیکھتا ہے اور اسی کی بنیاد پر اجر عطا فرماتا ہے ۔وزیراعظم نے اس امر پر زور دیا کہ حضرت ابراہیم (ع) اور ان کے عظیم فرزند حضرت اسماعیل(ع) کی سیرت پاک کی پیروی میں ہی ہم سب کی نجات ہے ۔انہوں نے کہا کہ یتیموں، بیوائوں، بے کسوں اور ناداروں کی مدد کرکے ہم اس عظیم دن کا حق ادا کر سکتے ہیں ۔

شہباز شریف نے کہا کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر مشکلات و مصائب کے شکار بھائیوں بہنوں کی مدد پر خصوصی توجہ دی جائے۔مہنگائی کی عالمی لہر کے اثرات کی وجہ سے اپنے ارد گرد موجود ضرورت مندوں اور سفید پوشوں کو عید کی خوشیوں میں شریک کریں۔انہوں نے کہا کہ سیلاب اور بارشوں سے متاثرہ افراد کو نہ بھولیں، ان کی بھرپور مدد کریں، مشکل کی اس گھڑی میں ان کی غم گساری ہمارا فرض ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ نوجوان نسل عید قربان کے اصل مفہوم سے بہت کچھ سیکھ سکتی ہے ،انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نوجوان معاشرے میں تحمل، برداشت، ایثار وقربانی کی عملی مثال بنیں، معاشرے میں اپنے اخلاق و اقدار سے حقیقی تبدیلی لائیں ۔وزیراعظم نےعیدالاضحیٰ کے موقع پر عوام سے کورونا وبا کے پیش نظر احتیاطی تدابیر پر سختی سے عملدرآمد کرنے کی اپیل کی ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ آلائیشوں کو بروقت ٹھکانے لگانے اور صفائی ستھرائی کے لئے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے مستعدی سےاپنے فرائض انجام دیں۔