کراچی۔ 05 جون (اے پی پی):وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں آج کا دن "پلاسٹک آلودگی کا خاتمہ” کے عنوان سے منایا جا رہا ہے، ہمیں اپنے ماحول کو پلاسٹک آلودگی سے بچانے کے لیے اجتماعی کردار ادا کرنا ہو گا۔
عالمی یومِ ماحولیات کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ پلاسٹک کے کم سے کم استعمال کو یقینی بنائیں اور صاف ستھرا ماحول اپنائیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ سندھ حکومت صوبے بھر میں پلاسٹک صفائی مہم کا آغاز کر چکی ہےاور پلاسٹک قوانین پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ پلاسٹک سے پاک سندھ ہمارا خواب ہےجسے ہم سب کو مل کر حقیقت بنانا ہے۔سندھ حکومت ماحول دوست کپڑے اور کاغذی تھیلوں کے استعمال کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے
اور 15 جون 2025سے پلاسٹک شاپنگ بیگز پر مکمل پابندی عائد کر دی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت شجرکاری،تمر کے درختوں کی افزائش، ری سائیکلنگ انڈسٹری کے فروغ اور ندی نالوں کی صفائی کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت تعلیمی و سماجی اداروں کے ساتھ مل کر ماحولیاتی شعور اجاگر کرنے کے لیے سرگرم عمل ہے