اپوزیشن ارکان ایوان کے اجلاسوں کا ٹی اے ڈی اے لے کر بھاگ جاتے ہیں، اپنا غصہ گھر رکھ کر آیا کریں، سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم

69

اسلام آباد۔8فروری (اے پی پی):سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم نے کہا ہے کہ اپوزیشن ارکان ایوان کے اجلاسوں کا ٹی اے ڈی اے لے کر بھاگ جاتے ہیں، اپنا غصہ گھر رکھ کر آیا کریں، ایوان اصول اور قاعدے قانون کے مطابق ہی چلے گا۔

منگل کو ایوان بالا کے اجلاس میں اپوزیشن ارکان کے احتجاج کے دوران انہوں نے کہا کہ قانون اور رولز کے مطابق وزیراعظم کے معاون خصوصی ایوان میں نہیں آ سکتے، اپوزیشن ارکان کا ان کی ایوان میں موجودگی کے حوالے مطالبہ درست نہیں ہے، ایوان اصول اور قاعدے قانون کے مطابق چلے گا، اپوزیشن ارکان اپنی خواہشات کو قانون نہ بنائیں، ٹی اے ڈی اے لے لیتے ہیں اور بھاگ جاتے ہیں، سوائے بھاگنے کے ان کے پاس کچھ بھی نہیں ہے،

ایوان عوام اور ملک سے بھاگتے ہیں، وقفہ سوالات میں وزراء یہاں موجود ہوتے ہیں اور حکومت جوابدہ ہوتی ہے، اپوزیشن ارکان نے کارروائی میں حصہ لینے کی بجائے پارلیمان کا وقت اور قوم کے پیسے کا ضیاع کر رہے ہیں، انہیں باہر دھوپ سینکنے کی جلدی ہوتی ہے، اپوزیشن کی کوشش کے باوجود دوبارہ کورم کی نشاندہی کے باوجود حکومتی ارکان اور اتحادیوں نے انہیں پھر شکست دی ہے، ہم ان سینیٹرز کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں جو اپنے ضمیر کے مطابق فیصلہ کرتے ہیں، آج کل خوابوں کی سیاست چل رہی ہے اور ایک دوسرے کو کھانے کی دعوتیں دی جا رہی ہیں، یہ قوم کے ساتھ مذاق کر رہے ہیں، عمران خان نے جو پہلے دن سے پیشگوئی کی تھی وہ وقت کے ساتھ ساتھ صحیح ثابت ہوتی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم ملکی سیاست کر رہے ہیں، یہ اپنے مفادات کی سیاست کر رہے ہیں، پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ اپنی بقاء کی جنگ لڑ رہے ہیں، انہیں عوام کا کوئی احساس نہیں ہے، عمران خان نے ان پر ہاتھ ڈالا ہے اسی لئے ان سے بغض رکھتے ہیں، یہ جہاں مرضی بھاگیں ان کی جیب سے لوٹا ہوا ایک ایک پیسہ وصول کیا جائے گا، (ن) لیگ کا شیر لندن میں پنجرے میں بیٹھا ہوا ہے۔