اسلام آباد۔15مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ اپوزیشن اور الیکشن کمیشن کے کردار ادا نہ کرنے سے سینیٹ انتخابات متنازعہ ہوگیا ہے، جس طرح سینیٹ الیکشن کا مذاق بنا ہے اس پر کوئی مطمئن نہیں، مریم نواز یا بلاول بھٹو دونوں کی اس مہینے کی سٹیٹمنٹس دیکھ لیں ہم سے زیادہ وہ لوگ غیر مطمئن ہیں۔
پیر کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آرٹیکل 218 (3) کے تحت الیکشن کمیشن کی ذمہ داری تھی کہ فری اینڈ فیئر الیکشن کرائے، لیکن الیکشن کمیشن ایسا کرانے میں ناکام رہا ۔
انہوں نے کہا کہ ہم سب کا ماننا ہے کہ الیکشن کے دوران الیکشن کمیشن اپنی ذمہ داریاں ادا نہیں کرسکا، سپریم کورٹ نے بھی کہا تھا کہ نئے بیلٹ پیپرز چھپوا کر الیکشن کرائے جائیں ،ہمارا بھی یہی موقف تھا کہ 16 سو بیلٹ پیپرز ایک گھنٹے میں چھاپے جاسکتے ہیں ،لیکن الیکشن کمیشن نے ایسا نہیں کیا ، ان ساری باتوں کو سامنے رکھتے ہوئے الیکشن کمشنر سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کرتے ہیں۔
شہبازگل کے ساتھ ہونے والے واقعے بارے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مریم اورنگزیب اور احسن اقبال کا واقعہ کرائوڈ میں ہوا لیکن شہباز گل کا واقعہ ایک پلان کے تحت ہوا ہے، ان دونوں واقعات کو آپس میں ملانا غلط ہوگا۔