اسلام آباد ۔ 18 ستمبر (اے پی پی) رہنما پاکستان تحریک انصاف رکن قومی اسمبلی کنول شوذب نے کہا ہے کہ اپوزیشن این آر او پلس چاہ رہی تھی جو انہیں نہیں ملا ۔جمعہ کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی ترامیم اپنے کیسز ختم کرانے کے لئے تھیں۔ اپوزیشن نے اے پی سی کو مذاق بنالیا ہے دراصل یہ کرپشن بچائو مہم ہے۔ اپوزیشن چاہتی ہے کہ کسی طریقے سے کرپشن سے بچیں جو ممکن نہیں ،کرپشن پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ کنول شوذب نے کہا کہ پہلے سندھ آصف زرداری سے آزاد ہوجائے ، بلاول بھٹو پہلے سندھ لاڑکانہ کے معاملات ٹھیک کر دیں جہاں سے یہ رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے ہیں اور وہاں پر اپنی کارکردگی بھی دیکھائیں۔ انہوں نے کہا کہ مولانافضل الرحمان سے یہ لوگ رینٹڈ کنٹینر اور لوگ مانگتے ہیں، پھر سارے رہنما کنٹینر پر چڑھ کر تقریریں کرتے اور پھر بغیر کسی ایجنڈے کے کنٹینر سے اتر جاتے ہیں۔