اپوزیشن بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکی ہے، حکومت کو ”سلیکٹڈ” کہنے والے عوام کی عدالت میں ”ریجیکٹڈ” ہو چکے ہیں، پارلیمانی سیکرٹری برائے خارجہ امور عندلیب عباس کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

61
حکومت معاشی استحکام اور ملکی ترقی کے ایجنڈے پر کامیابی کے ساتھ عمل درآمد کر رہی ہے، پارلیمانی سیکرٹری برائے خارجہ امور عندلیب عباس

اسلام آباد۔18دسمبر (اے پی پی):پارلیمانی سیکرٹری برائے خارجہ امور عندلیب عباس نے کہا ہے کہ اپوزیشن بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکی ہے، حکومت کو ”سلیکٹڈ” کہنے والے عوام کی عدالت میں ”ری جیکٹڈ” ہو چکے ہیں، شو آف ہینڈز کے ذریعے سینٹ کا الیکشن کرانے کا مقصد ہارس ٹریڈنگ کو روکنا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں بند گلی میں پہنچ چکی ہیں، پی ڈی ایم کا لاہور میں ہونے والا جلسہ فلاپ ہو گیا، عوام نے ان کو مسترد کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن ذاتی مفادات کے حصول کے لئے جلسے کر رہی ہے، اگر عوامی مفاد کی بات کی جائے تو عوام ساتھ دیتے ہیں،فیٹف بل کے معاملے پر بھی اپوزیشن نے واک آئوٹ کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام جان چکے ہیں کہ یہ مفاد پرست ٹولہ ہے جو اقتدار ہوتا ہے تو ملک میں آ جاتا ہے اور اقتدار کے جاتے ہی ملک سے فرار ہو جاتے ہیں، پی ڈی ایم پر ”ری جیکٹڈ” کا ٹھپہ لگ چکا ہے، لاہور میں ہونے والا جلسہ اس کی مثال ہے۔ ایک سوال کے جواب میں عندلیب عباس نے کہا کہ 31 جنوری بہت دور ہے، اپوزیشن رہنمائوں نے اگر استعفے دینے ہیں جلد دیں، حکومت انکے استعفے منظور کر کے خالی نشستوں پر دوبارہ الیکشن کروائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے مفاد میں جو کچھ ہو سکا حکومت اس کے لئے بھرپور کوشش کر رہی ہے، حکومت سینٹ الیکشن شفاف طریقے سے کروانا چاہتی ہے، شو آف ہینڈز کے ذریعے سینٹ کا الیکشن کرانے کا مقصد ہارس ٹریڈنگ کو روکنا ہے۔