اپوزیشن جتنا زور لگالے کامیاب نہیں ہوگی،حکومت کی مقبولیت میں کمی کا سوچنے والوں کے لیے منڈی بہائو الدین کا جلسہ ایک ٹریلر تھا ، رہنما پی ٹی آئی جمشید اقبال چیمہ

67

لاہور۔20فروری (اے پی پی):پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماجمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ اپوزیشن جتنا زور لگالے اسے کامیابی نہیں ہوگی،جو یہ سمجھ رہے ہیں کہ ان کے منفی بیانیے سے حکومت کی مقبولیت کم ہوئی ہے تو یہ ان کی غلط فہمی ہے ،ایسے لوگوں کیلئے منڈی بہائو الدین کا جلسہ ایک ٹریلر کے طور پر تھا ۔

اتوار کو جاری اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم حکومت کوتوچت نہیں کر سکی البتہ اتحادمیں شامل تمام جماعتوں نے ایک دوسرے کو ضرور پچھاڑ دیا ہے ،مسلم لیگ ن میں تقسیم کاعمل شروع ہو چکا اور آنے والے دنوںمیں اس میں مزید شدت آئے گی ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب اور مرکز میں حکومت کوتبدیل کرنے کی محض خالی باتیں ہیں اور اپوزیشن یہ خواب آنکھوں میں سجائے 2023میں داخل ہو گی اور عبرتناک شکست کا سامنا کرے گی ۔