اپوزیشن جس وقت استعفےٰ دے گی اسی وقت منظور کرلیں گے،ریلوے کو چیلنج سمجھ کر قبول کیا ہے،وفاقی وزیرریلوے اعظم خان سواتی کا ریلوے ہیڈکواٹرز میں پریس کانفرنس سے خطاب

76

لاہو ر۔19دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے اعظم خان سواتی نے کہا ہے کہ اپوزیشن جس وقت استعفےٰ دے گی اسی وقت منظور کرلیں گے ،ریلوے کو چیلنج سمجھ کر قبول کیا ہے،محکمہ کی آمدن میں اضافہ کیلئے فریٹ بزنس کو توسیع دی جائے گی،ریلوے میں سب سے بڑا مسئلہ سیفٹی کا ہے،اس پر رعایت نہیں ہوگی،تمام مسافروں کےتحفظ کیلئے اپنے بھرپور ذرائع استعمال کریں گے،وزیر اعظم عمران خان کی ریلوے پالیسی کو عوام تک پہنچایا جائے گا،تما م صوبوں کے تعاون سے ریلوے اراضی پر قائم تجاوزات کو ختم کیا جائے گا،ریلوے کے ٹریڈ مارک کو عزت و عظمت کا نشان بنانا ہوگا۔ان خیالات کا اظہا انہوں نے ہفتہ کے روز ریلوے ہیڈکواٹرز میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ریلوے چیلنجنگ جاب ہے کیونکہ شیخ رشید احمد نے جس طریقے سے کام کیا ان کی جگہ نہیں لے سکتا۔انہوں نے کہا کہ میڈ یا ریاست کا چوتھا ستوں ہے میری غفلتوں اور کمزوریوں کی نشان دہی نہیں ہوگی تو ریلوے بہتر نہیں ہوسکے گا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اجتماعی کوششوں سے ریلوے کوترقی دیں گے،محکمہ کو خسارے سے نکالنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے،فریٹ بزنس کو توسیع دیں گے اور منصوبوں کو آگے بڑھائیں گے۔ایک اور سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ ریلوے اراضی پر تجاوزات بھی اہم مسئلہ ہے صوبوں کے تعاون سے تجاوزات کوختم کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ملازمین کو ریلوے سے نہیں نکالوں گابلکہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ سے ٹریننگ میں صلاحیت بڑھائیں گے،سفر بروقت شروع ہوگا اور ریلوے میں صفائی ستھرائی بھی لائیں گے۔پریس کانفرنس کے بعد اپوزیشن کے استعفوں کے حوالے سے جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ جس وقت اپوزیشن استعفے دے گی اسی وقت منظور کرلیں گے۔