اپوزیشن جماعتوں کا اتحاد ذاتی مفادات پر مبنی ہے، استعفوں والے سیاسی ڈرامے سے حکومت بلیک میل نہیں ہوگی، ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

82
سپریم کورٹ کا سویلینز کے فوجی عدالتوں میں ٹرائل کی اجازت دینے کا فیصلہ بہترین ہے،ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان
سپریم کورٹ کا سویلینز کے فوجی عدالتوں میں ٹرائل کی اجازت دینے کا فیصلہ بہترین ہے،ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان

اسلام آباد۔18دسمبر (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کا اتحاد ذاتی مفادات پر مبنی ہے، اپوزیشن کے استعفوں والے سیاسی ڈرامے سے حکومت بلیک میل نہیں ہوگی، اپوزیشن کے تمام ارکان اپنی نشستوں سے استعفی نہیں دیں گے، اپوزیشن جماعتوں کے متعدد ایم این ایز اور ایم پی ایز نے ہم سے رابطہ کیا ہے جو استعفے پیش کرنے کو تیار نہیں ہیں، حکومت اپنی پانچ سالہ آئینی مدت پوری کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز وزیر اعظم عمران خان کی کامیابی سے خوفزدہ ہیں، اپوزیشن ممبران کل کے بجائے آج استعفی دے دیں، اگر وہ استعفے دیتے ہیں تو یہ بڑی خوشی کی بات ہوگی لیکن مجھے یقین ہے کہ ان خود غرض لوگوں میں استعفی دینے کی ہمت نہیں ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز اور جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان پارلیمنٹ کے منتخب رکن نہیں ہیں لہذا منتخب اراکین اسمبلی ان کے مطالبہ پر اسمبلیوں سے استعفے نہیں دیں گے، مریم نواز کو اپوزیشن ممبران سے استعفے طلب کرنے کے بجائے اپنے والد اور بھائی کو پاکستان آنے کے لئے کہنا چاہیے۔ انہوں نے شہریوں سے بھی کہا کہ وہ پی ڈی ایم کی ریلیوں اور جلسوں میں جانے سے اجتناب کریں تاکہ وہ خود کو اور اپنے اہل خانہ کو کورونا وائرس سے محفوظ رکھ سکیں۔