اپوزیشن جماعتوں کی سیاست کا مقصد عوام کی خدمت نہیں بلکہ کرپشن کرنا ہے، ان لوگوں نے اپنے دور حکومتوں کے دوران اداروں میں اپنی پسند کے لوگوں کی تقرری کی جنہوں نے بدعنوانی میں ان کی سہولت کاری کی، صرف فوج ہی وہ واحد ادارہ ہے جو ان کے ذاتی مفادات میں استعمال نہیں ہوا،وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز کی نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو

113
‏وزیر اعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ،اہم امور پر غور کیا گیا، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز کا ٹویٹ
‏وزیر اعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ،اہم امور پر غور کیا گیا، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز کا ٹویٹ

اسلام آباد ۔ 24 ستمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کی سیاست کا مقصد عوام کی خدمت نہیں بلکہ کرپشن کرنا ہے، ان لوگوں نے اپنے دور حکومتوں کے دوران اداروں میں اپنی پسند کے لوگوں کی تقرری کی جنہوں نے بدعنوانی میں ان کی سہولت کاری کی، صرف فوج ہی وہ واحد ادارہ ہے جو ان کے ذاتی مفادات میں استعمال نہیں ہوا، نواز شریف اسی نظام کے تحت تین مرتبہ وزیراعظم منتخب ہوئے، اقتدار سے باہر ہونے کے بعد وہ نیلسن منڈیلا بننے کی کوشش کر رہے ہیں، نواز شریف نے بے ساکھیوں کے ذریعے سیاسی سفر کا آغاز کیا، وزیراعظم عمران خان اقتدار کیلئے شارٹ کٹ راستہ استعمال نہیں کیا، 22 سال جدوجہد کے ساتھ اقتدار میں آئے ہیں، وہ تمام سیاسی قیادت کیلئے رول ماڈل ہیں اور وہ ملک سے بدعنوانی کی لعنت کے خاتمے کیلئے پر عزم ہیں، وزیراعظم عمران خان احتساب کے معاملے پر بدعنوان عناصر کے ساتھ کوئی سمجھوتہ کریں گے اور نہ ہی این آر او دیں گے۔ جمعرات کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں خاص طور پر ن لیگ گرگٹ کی طرح رنگ بدلتی ہے، ایک طرف ملک میں حقیقی جمہوریت اور سول حکومت کے کام کرنے کے حوالے سے بات کرتی ہیں اور دوسری جانب عسکری قیادت سے ملاقات کرتی ہیں، اپوزیشن جماعتیں اسطرح کا منافقانہ رویہ ترک کریں۔ شبلی فراز نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں ملک میں کمزور معیشت اور اداروں کی تباہی کی ذمہ دار ہیں، یہ لوگ جب بھی اقتدار میں آئے انہوں نے اداروں کو نقصان پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف اپنے دور حکومت کے دوران بڑے پیمانے پر بدعنوانی اور منی لانڈرنگ میں ملوث رہے اور وہ ملک کو دیوالیہ چھوڑ کر گئے تھے تاہم وزیراعظم عمران خان کی ولولہ انگیز قیادت میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت نے ملکی معیشت کو سہارا دیا اور آج ملکی معیشت استحکام کی جانب گامزن ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف نے بے ساکھیوں کے ذریعے سیاسی کیریئر شروع کیا تھا اور آتے ہی وزیراعلی بنے تھے، دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے اقتدار میں آنے کیلئے شارٹ کٹ راستہ استعمال نہیں کیا بلکہ 22 سال جدوجہد کے بعد وزیراعظم بنے ہیں، وہ تمام سیاسی قیادت کیلئے رول ماڈل ہیں، وزیراعظم عمران خان کو اقتدار میں آنے سے قبل کئی مرتبہ نشستوں کی پیشکشیں کی گئیں جنہیں انہوں نے ٹھکرا دیا، پوری دنیا جانتی ہے کہ وزیراعظم عمران خان دیانت دار انسان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو ملک کے پسماندہ اور غربت کا شکار افراد کی مشکلات اور تکالیف کا احساس ہے، انہوں نے نے اقتدار میں آنے سے قبل ہی عوام کیلئے کینسر ہسپتال اور یونیورسٹی بنائی اور بہت سارے فلاحی کاموں میں حصہ لیا، یہی وجہ ہے کہ قوم آج بھی انہیں امیدوں کا مرکز سمجھتی ہے۔ شبلی فراز نے کہا کہ موجودہ حکومت دو کا نہیں پانچ سال کا حساب دے گی، اسی سلسلے میں رواں سال 18 اگست کو تمام وزراء نے اپنی کارکردگی کے حوالے سے رپورٹ بھی جاری کیں، پاکستان کی تاریخ میں آج تک ایسا نہیں کیا گیا، سابقہ حکومتیں گزشتہ 35 سال کا حساب دیں۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومتوں نے ڈالر کی قیمت کو مصنوعی طور پر برقرار رکھا تاہم موجودہ حکومت ڈالر کی قیمت کو مصنوعی سہارا نہیں دے رہی، وزیراعظم عمران خان کی جامع پالیسیوں کی بدولت معاشی اعشاریوں میں بتدریج بہتری آ رہی ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پی ٹی آئی اور اپوزیشن جماعتوں کے حالیہ احتجاج میں واضح فرق ہے، پی ٹی آئی نے 2013ء انتخابی نتائج کو چیلنج کیا تھا جبکہ اپوزیشن نے 2018ء انتخابی نتائج کو چیلنج نہیں کیا، 2013ء انتخابات میں دھاندلی کے حوالے سے 413 پیٹیشنز دائر ہوئی تھیں جبکہ 2018ء انتخابات کے حوالے سے 200 پیٹیشنز دائر ہوئی تھیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ن لیگی رہنما محمد زبیر اور مولانا فضل الرحمان کی آرمی چیف سے ملاقات کے بارے علم نہیں ہے۔