اپوزیشن جماعتوں کی کمیٹی سے مذاکرات کے مثبت نتائج نکلیں گے، ان کی تجاویز لیڈر شپ کے سامنے پیش کریں گے ، مذاکرات کا دوسرا دور ہو گا،وزیر دفاع پرویز خٹک

61

اسلام آباد ۔ 25 اکتوبر (اے پی پی)آزادی مارچ کے حوالہ سے حکومتی مذاکراتی وفد کے سربراہ وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کی رہبر کمیٹی سے مذاکرات کے مثبت نتائج نکلیں گے، ان کی تجاویز لیڈر شپ کے سامنے پیش کرکے مذاکرات کا دوسرا دور ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو رہبر کمیٹی کے کنوینئر اکرم خان درانی کی رہائشگاہ پر مذاکرات کے پہلے دور کے اختتام پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر قائم مقام صدر صادق سنجرانی، سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری، وزیر تعلیم شفقت محمود، قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے چیئرمین اسد عمر، سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی اور رہبر کمیٹی کے اراکین موجود تھے۔ پرویز خٹک نے کہا کہ ہماری رہبر کمیٹی کے اراکین سے خوشگوار ماحول میں بات چیت ہوئی ہے اور ہم پرامید ہیں کہ مذاکرات کے مثبت نتائج نکلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں طرف سے تجاویز پیش کی گئی ہیں اور ہم رہبر کمیٹی کی طرف سے پیش کی گئی تجاویز کو اپنی لیڈر شپ کے سامنے رکھیں گے اور جمعہ کو رات 10 بجے رہبر کمیٹی کے ساتھ مذاکرات کا دوسرا دور ہو گا۔ اس موقع پر اکرم خان درانی نے کہا کہ رہبر کمیٹی اپنے مطالبات سے پیچھے نہیں ہٹے گی، امید ہے کہ حکومتی وفد ہمارے مذاکرات تسلیم کرے گا۔