اسلام آباد ۔ 12 جون (اے پی پی) وزیراعظم کے خصوصی معاون برائے امور نوجواناں عثمان ڈار نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کے پاس کوئی واضح ایجنڈا نہیں ہے اور وہ صرف پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔ بدھ کو ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے عثمان ڈارنے کہا کہ حزب اختلاف کی جماعتوں کی قیادت ذاتی مسائل پر چیخ وپکار کررہی ہے اور وہ احتساب سے بچنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت قومی دولت لوٹنے والوں کو قانون کے سامنے پیش کرنے کے لئے ہر ممکنہ اقدامات کررہی ہے، پاکستان پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی قیادت کے خلاف کیسز گزشتہ حکومتوں کے ادوار میں رجسٹرڈ کئے گئے۔ عثمان ڈار نے کہا کہ ملک کے تمام ادارے آزادانہ کام کررہے ہیں اور وہ کسی بھی پاکستانی شہری کے خلاف تحقیقات کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ملک سے بدعنوانی کے خاتمہ کے لئے پرعزم ہے اور اس حوالے سے کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اورکسی بھی بدعنوان شخص کو رعایت نہیں ملے گی۔ عثمان ڈار نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی حکومت نے انتخابات میں عوام سے وعدہ کیا تھا کہ پی ٹی آئی بدعنوان عناصر کو جیلوں میں ڈالے گی۔ انہوں نے کہا کہ بدعنوان عناصر کی جانب سے لئے گئے بھاری قرضوں کا بوجھ غریب عوام پر ہے، وزیراعظم عمران خان بین الاقوامی سطح پر ملک کے عزت اور وقار میں اضافے کے لئے سخت محنت کررہے ہیں، وہ وقت دور نہیں جب بحرانوں اور مسائل پر قابو پایاجائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) ایک خود مختار ادارہ ہے اور وہ حکومت کے زیر اثر نہیں ہے، اپوزیشن حکومت کے خلاف دھرنا دینے کی خواہش مند ہے تو حکومت ان کو کنٹینر ، بریانی اور پانی فراہم کرے گی۔