اپوزیشن جماعتیں اپنے بدعنوان قائدین کو تحفظ دینے کیلئے جلسے جلوس کر رہی ہیں ،معاون خصوصی برائے پارلیمانی امور

49

اسلام آباد۔19اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابراعوان نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں اپنے بدعنوان قائدین کو تحفظ دینے کیلئے جلسے جلوس کر رہی ہیں جوکہ مبینہ طور پر بے دردی سے قومی خزانے کو لوٹنے میں ملوث رہے، اپوزیشن این آر او حاصل کرنے کیلئے حکومت کے خلاف مختلف چالیں چل رہی ہے لیکن ان کی تمام کوششیں رائیگاں جائیں گی کیونکہ حکومت لٹیروں کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کرنے کیلئے پر عزم ہے۔ پیر کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر ملک میں امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن وہ اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ وہ ملک دشمن عناصر کے حق میں اسطرح کی سرگرمیوں کا انعقاد کر رہی ہیں، اپوزیشن کے ملک مخالف بیانات ملک دشمن عناصر کے بیانیے کو تقویت اور سپورٹ کر رہے ہیں۔ ڈاکٹر بابر اعوان نے اپوزیشن جماعتوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک طرف وہ قومی اسمبلی کو جعلی کہتی ہیں اور دوسری جانب اسپیکر قومی اسمبلی سے اپنے بدعنوان رہنمائوں کیلئے پروڈکشن آرڈرز مانگتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی محب وطن پاکستانی یہ نہیں برداشت کرے گا کہ کوئی شخص بیرون ملک بیٹھ کر قومی اداروں کو بدنام کرے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت نے نواز شریف کو وطن واپس لانے کیلئے پراسیس میں تیزی کر دی ہے۔ معاون خصوصی پارلیمانی امور نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے رہنما تسلسل کے ساتھ قومی اداروں کے خلاف زبان استعمال کر رہے ہیں جبکہ پی ڈی ایم کے دو رہنما خود کو پاکستانی بھی نہیں کہتے۔