اپوزیشن جماعتیں اہم قومی ایشوز کو حل کرنے کیلئے تعمیری کردار ادا کریں،وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان

47

اسلام آباد۔6جون (اے پی پی):وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے تمام سیاسی جماعتوں کو دعوت دی ہے کہ وہ ملک کے وسیع تر مفاد میں قومی مسائل کو حل کرنے کیلئے حکومت سے بیٹھیں، تحریک انصاف حکومت تمام معاملات کو خوش اسلوبی کے ساتھ حل کرنے کیلئے پر عزم ہے، اپوزیشن کو بھی چاہیے کہ وہ اہم قومی ایشوز پر سنجیدگی کا مظاہرہ کریں اور ان کے حل کیلئے تعمیری کردار ادا کریں۔

اتوار کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان مقبول ترین لیڈر ہونے کی حیثیت سے فلاحی پروگراموں کے ذریعے عام آدمی کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کیلئے دن رات کام کر رہے ہیں، اس کے علاوہ موجودہ حکومت معاشرے کے پسے ہوئے طبقے کے لوگوں کو ریلیف مہیا کرنے کیلئے گڈ گورننس اور ملک میں قانون کی بالادستی یقینی بنا رہی ہے۔ علی محمد خان نے کہا کہ تحریک انصاف حکومت ملک کے نظام میں بہتری لانے اور مطلوبہ اہداف کے حصول کیلئے ادارہ جاتی اصلاحات متعارف کرانے کے وعدے پر کام کر رہی ہے۔