اسلام آباد۔26اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں باالخصوص طور پر پاکستان مسلم لیگ ن کے قائدین کو مشورہ ہے کہ وہ بدعنوانی کیسز سے ریلیف حاصل کرنے کیلئے نیب کے ساتھ پلی بارگین کر لیں، اپوزیشن جماعتیں اپنے جلسوں میں قومی اداروں پر تنقید کرنے کی بجائے اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں کمی لانے اور انتخابی اصلاحات کیلئے تجاویز پیش کریں۔ پیر کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت کو بدعنوان عناصر کے خلاف احتساب کا مینڈیٹ دیا ہے، اپوزیشن کے قائدین اور رہنما جو بے دردی سے قومی خزانے کو لوٹنے میں ملوث رہے ہیں حکومت کسی صورت میں انہیں رعایت نہیں دے گی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں پہلے اداروں کے آئینی کردار کو تسلیم کریں اس کے بعد ان کے ساتھ مذاکرات کریں گے، اپوزیشن کے لوگ مسلسل سیاسی مقاصد کے حصول کیلئے قومی اداروں پر تنقید کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے دائرہ اختیار میں رہتے ہوئے گورننس کی بہتری کیلئے کردار ادا کریں۔ ایک سوال کے جواب میں چوہدری فواد حسین نے کہا کہ عدلیہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان سیاسی تناﺅ کو کم کرنے کیلئے اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ جنوری تک نظام میں تبدیلی کے بارے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کچھ بھی نہیں ہو گا، اپوزیشن چاہتی ہے کہ نظام لپیٹ دیا جائے لیکن ان کی خواہش پوری ہوتی ہوئی نظر نہیں آ رہی۔