اپوزیشن جماعتیں عوامی جلسے کرنے سے پہلے کورونا ایس او پیزکو یقینی بنائیں،وفاقی وزیر منصوبہ بندی ، ترقی اور خصوصی اقدامات

78
Asad Umar

اسلام آباد۔13اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی ، ترقی اور خصوصی اقدامات اسد عمر نے اپوزیشن جماعتوں پر زور دیا کہ وہ عوامی جلسے کرنے سے پہلے کورونا سے بچائو کے لیے معیاری آپریٹنگ طریقہ کار (ایس او پیز) کو یقینی بنائیں۔انہوں نے منگل کو نجی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے کچھ حصوں میں ایس او پیز پر عمل نہ کرنے اور اجتماعات کی وجہ سے کورونا وائرس بڑھ رہاہے۔صوبائی حکومتوں کو تحریری طور ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ وہ لوگوں کو خطرناک وائرس سے بچانے کے لئے اپنے اپنے دائرہ اختیار میں ایس او پیز کو نافذ کریں ۔انہوں نے متنبہ کیا کہ اپوزیشن کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے اور موجودہ حالات میں بڑے جلسے منعقد کرنے سے باز رہنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت کو اپوزیشن جماعتوں کے جلسوں سے کوئی خوف نہیں ہے لیکن عوام کی حفاظت کے لئے حکومت کے شدید تحفظات ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ صوبائی علاقوں میں مکمل طور پر "لاک ڈاؤن” کی حامی رہی ہے لیکن اب پی پی پی کی قیادت نے بھی اپنا خیال بدل لیا ہے اور عوام کو جلوس کے لئے باہر آنے کی اجازت دی ہے۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ آزادکشمیر حکومت کو ذمہ داری لینا چاہیے اور ایس او پیز پر عمل درآمد کرنا چاہئے تاکہ صحت عامہ کو مناسب انداز میں محفوظ بنایا جاسکے۔