اسلام آباد ۔ 29 جولائی (اے پی پی) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں نیب قوانین میں ترامیم کی آڑ میں این آر او چاہتی ہیں، قانون کسی کی ذات کیلئے نہیں بلکہ ملک اور عوام کیلئے بنائے جاتے ہیں، ملک کو آگے لیکر جانے کیلئے احتساب کے علاوہ کوئی راستہ نہیں ہے، وزیراعظم عمران خان کی موثر خارجہ پالیسی کی بدولت فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کے معاملے پر پاکستان کی پوزیشن بہتر ہے، اپوزیشن کو چاہیے کہ وہ اس معاملے پر قانون سازی کیلئے اچھا کردار ادا کرے، حکومت سپرٹ کے ساتھ کام کر رہی ہے اور قوم کو خوشخبری ملے گی۔ بدھ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کے قائدین اپنے دور حکومتوں کے دوران بڑے پیمانے پر بدعنوانی اور منی لانڈرنگ میں ملوث رہے ہیں اور انہی کے کارناموں کی وجہ سے پاکستان گرے لسٹ میں گیا ہے۔ فیصل جاوید نے کہا کہ ایف اے ٹی ایف کے معاملے پر قانون سازی ملک کیلئے انتہائی ضروری ہے، صرف بھارت نہیں چاہتا کہ پاکستان گرے لسٹ سے نکلے، اگر قانون پاس نہ ہوا تو پاکستان نہ صرف بلیک لسٹ میں جا سکتا ہے بلکہ مہنگائی کا طوفان آنے کا بھی خدشہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت نے آتے ہی ایسے اقدامات اٹھائے ہیں جس کی ایف اے ٹی ایف نے تعریف کی، ایف اے ٹی ایف نے فالو اپ رپورٹ میں پاکستان کے بلز کو مثبت قرار دیا، اپوزیشن جماعتیں اپنی کرپشن اور چوری بچانے کیلئے ملک کو نقصان پہنچانے کی کوشش نہ کریں۔ سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں پہلے دن سے حکومت کو بلیک میل کرنے کیلئے ہر حربہ استعمال کر رہی ہیں لیکن حکومت دباﺅ میں آنے والی نہیں ہے، ن لیگ اور پیپلزپارٹی صرف اپنے قائدین کی منی لانڈرنگ اور بدعنوانی کیسز سے راہ فرار چاہتی ہیں، عام آدمی کیلئے جیلیں اور بدعنوان عناصر کیلئے بیلیں ایسا نہیں ہو سکتا، ملک کو آگے لیکر جانے کیلئے احتساب کے علاوہ کوئی راستہ نہیں ہے اور حکومت احتساب کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کورونا بحران کے دوران عوام کو مہلک وباءاور بھوک سے بچانے کیلئے پالیسی بنائی جسے اپوزیشن نے متنازعہ بنانے کی کوشش کی لیکن وقت نے ثابت کیا کہ حکومت کی حکمت عملی کامیاب رہی اور دنیا بھی اس کو سراہا رہی ہے۔ فیصل جاوید نے کہا کہ اپوزیشن چاہتی ہے کہ 1999ءسے پہلے جن ادوار میں انہوں نے لوٹ مار کی اور خوب مال بنایا کو نہ چھیڑا جائے، اپوزیشن نیب قانون میں ترامیم کی آڑ میں این آر او چاہتی ہیں، قانون کسی کی ذات کیلئے نہیں بلکہ ملک کے بہترین مفاد میں بنائے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی نے اپنے دور حکومتوں کے دوران نیب کے معاملے پر کچھ نہیں کیا، موجودہ حکومت نیب قانون کو بہتر بنانے کیلئے سنجیدہ ہے، اپوزیشن جماعتیں ذات کی بجائے ملک اور عوام کے مفاد میں مناسب تجاویز دیں تو حکومت بات کرنے کیلئے تیار ہے۔