اسلام آباد۔12اپریل (اے پی پی):پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سینیٹر شبلی فراز نے اپوزیشن رہنما ئوں پر زور دیا ہے کہ وہ عوام کے مسائل حل کرنے کی طرف توجہ دیں اور ذاتی مفادات کے حصول کیلئے سیاسی چالیں چلنے سے گریز کریں، سندھ میں لوگوں کو بھوک کا سامنا ہے اور وہاں پر عوام آج بھی زندگی کی بنیادی ضرورتوں سے محروم ہیں۔
پیر کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ کے دیہی علاقوں میں عوام کو کتے کے کاٹنے جیسے واقعات سمیت مختلف سنگین مسائل کا سامنا ہے لیکن پیپلزپارٹی غیرضروری اور فضول کاموں میں اپنا وقت ضائع کر رہی ہے
۔ڈسکہ ضمنی انتخابی نتائج پر تبصرہ کرتے ہوئے شبلی فراز نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کو ووٹنگ کے طریقہ کار میں بہتری لانے کی ضرورت ہے، ڈسکہ ضمنی انتخابات میں ن لیگ کے امیدوار نے اپنی ہی سیٹ جیتی ہے اس میں کوئی بڑی بات نہیں ہے لیکن تحریک انصاف کا ووٹ بینک بڑھا ہے۔
پیپلزپارٹی کی سندھ میں ناقص کارکردگی کے بارے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے رہنمائوں کو فوری طور پر سندھ میں رہنے والے لوگوں کے حقیقی مسائل کو حل کرنے کیلئے کام شروع کر دینا چاہیے۔