اپوزیشن صرف تحریک عدم اعتماد لانے کا دعویٰ کر رہی ہے، اس کے پاس موجودہ حکومت کو گرانے کی صلاحیت نہیں ہے، وزیر اعظم عمران خان ایک بار پھر اپوزیشن کے خلاف جنگ جیتیں گے،وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد

68
آئندہ انتخابات میں عمران خان دو تہائی اکثریت سے کامیابی حاصل کریں گے، شیخ رشید احمد

اسلام آباد۔5مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اگر اپوزیشن کے پاس نمبرز پورے ہیں تو اسے چاہیے کہ پارلیمنٹ میں عدم اعتماد کی تحریک پیش کرے،اپوزیشن صرف تحریک عدم اعتماد لانے کا دعویٰ کر رہی ہے لیکن اس کے پاس موجودہ حکومت کو گرانے کی صلاحیت نہیں ہے، اپوزیشن وزیراعظم عمران خان کو آسان لے رہی ہے، عمران خان آسان ٹاسک نہیں ہیں۔

ہفتہ کو نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی قیادت میں حکومت بغیر کسی پریشانی کے اپنا پانچ سالہ دور مکمل کرے گی اور عام انتخابات 2023 میں شفاف طریقے سے ہوں گے۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان پہلے کی طرح ایک بار پھر اپوزیشن کے خلاف جنگ جیتیں گے، حزب اختلاف کے بہت سے ارکان حکمران جماعت میں شامل ہونے کو تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو صرف اقتدار کی ہوس ہے لیکن عوام کے مسائل حل کرنے میں مخلص نہیں، یہ لوگ کئی سال تک اقتدار میں رہے لیکن عوام کی فلاح و بہبود اور ملک کی ترقی کیلئے کچھ نہیں کیا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ عوام اور نوجوانوں کی اکثریت وزیراعظم عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ وہ واحد سیاسی شخصیت ہیں جو ان کے مسائل خوش اسلوبی سے حل کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں اپنی غیرقانونی دولت چھپانے کی کوشش کر رہی ہیں جو انہوں نے اپنے دور حکومت میں بے رحمی سے بنائی تھی، اپوزیشن کی قیادت نے ساری دولت غیر قانونی طریقوں سے کمائی ہے۔

ایک اور سوال کے جواب میں شیخ رشید احمد نے کہا کہ تمام اتحادی سیاسی جماعتیں حکومت کے ساتھ مکمل طور پر کھڑی ہیں اور مستقبل میں بھی کھڑی رہیں گی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ایک ایماندار لیڈر ہیں اور ان کے کوئی غیر ملکی اکاو¿نٹس یا اثاثے نہیں ہیں لیکن جن کے فارن اکاو¿نٹس اور جائیدادیں ہیں وہ آزادانہ طور پر خارجہ پالیسی چلانے کا دعویٰ کر رہے تھے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ اس نازک وقت میں اگر کوئی وزیراعظم کو چھوڑے گا تو وہ زیرو ہو جائے گا۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت ان مجرموں کے قریب پہنچ چکی ہے جو پشاور کے المناک واقعہ میں ملوث تھے اور ان کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ٹھیک کہا ہے کہ وہ سڑکوں پر آئے تو اپوزیشن کیلئے زیادہ خطرناک ہو جائیں گے۔