
اسلام آباد۔9مارچ (اے پی پی):پاکستان تحریک انصاف کےراہنماﺅں نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کے پاس اتنے اختیارات ہیں کہ وہ سینیٹ الیکشن میں کرپٹ پریکٹسز کاازخود نوٹس لے،یوسف رضا گیلانی کا نوٹیفکیشن روکا جائے۔
منگل کو الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پارلیمانی سیکرٹری فرخ حبیب،کنول شوذب اور ملائیکہ بخاری نے کہاکہ اپوزیشن نے ٹی وی چینلز پرووٹ خریدنے کا اعتراف کیا،علی حیدر گیلانی نے اعتراف کیا،کیااس طرح منتخب ہونے والا سینیٹرصادق وامین ہے، اس کے الیکشن کو کالعدم قرار دیا جائے،ہم قوم کے سامنے ایسے لوگوں کو بے نقاب کرنے کی اپنی کوشش جاری رکھیں گے۔
امید ہے کہ الیکشن کمیشن اپنا آئینی کردار پورے اداگا۔انہوں نے کہا کہ آئین،قانون کی بالادستی ہونی چاہیئے۔آئینی ادارے نے پہلے بھی اپنی ذمہ داریاں پوری کی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے اس کرپٹ نظام کو ہم نے درست کرنا ہے اپوزیشن والے میثاق جمہوریت کر کے بھاگ گئے اگر عمران خان کی تجویز پر اوپن بیلٹ ہوتا تو یہ صورتحال نہ ہوتی۔ایک سوال کے جواب میں فرخ حبیب نے کہاکہ اپوزیشن کوبری عادتیں 1985 سے پڑی ہیں،یہ اسامہ بن لادن سے پیسے لیتے رہے۔انہوں نے کہا کہ ہم قانون کے مطابق اپنے دلائل پیش کریں گے۔