اپوزیشن کورونا وائرس پر سیاست نہ کرے ،قوموں کی زندگی میں مشکل وقت آتے رہتے ہیں، انسدادکورونا وائرس کیلئے سیاسی ومذہبی جماعتوں سمیت سب کومتحد ہونا پڑ ے گا، گورنر پنجاب چودھری محمد سرور

86

لاہور۔14مارچ(اے پی پی )گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہاہے کہ اپوزیشن کورونا وائرس پر سیاست نہ کرے ،حکومتی اداروں کا ساتھ دے،قوموں کی زندگی میں مشکل وقت آتے رہتے ہیں،انسدادکورونا وائرس کیلئے سیاسی ومذہبی جماعتوں سمیت سب کومتحد ہونا پڑ ے گا، کسی ادارے میں سیاسی مداخلت کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، آئین وقانون کی حکمرانی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ وہ ہفتہ کے روز گور نر ہائوس لاہور میں رکن پنجاب اسمبلی سعید احمد سعدی اورتحر یک انصاف کے نائب صدر چوہدری اشفاق سمیت دیگر کی قیادت میں ملاقات کر نیوالے وفود سے گفتگو کر رہے تھے۔ گورنر پنجاب نے کہاہے کہ حکومت انسداد کورونا وائرس کیلئے تمام وسائل استعمال کر رہی ہے اور تمام حکومتی ادارے اس کورنا وائرس کے روک تھام کیلئے مکمل طور پر الرٹ ہیں ۔ اُنہوں نے کہا کہ عوام کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے اور حکومت ہر صورت اپنی ذمہ داری پوری کر ے گی۔ اُنہوں نے کہا کہ حکومت کے ساتھ ساتھ تمام شعبوں سے وابستہ افراد کو بھی چاہیے کہ وہ کورونا وائر س سے بچائو کے لئے عوام کو زیادہ سے زیادہ آگا ہی کی فراہمی میں اپنا کردار ادا کریں ، انشاء اللہ ہم سب متحد ہو کر کورونا وائرس کے چیلنج سے نمٹنے گیں اور عوام کو اس وائرس سے بچایا جائے گا۔ گور نر پنجاب نے کہا کہ تحر یک انصاف کی حکومت پہلے دن سے کہہ رہی ہے کہ ہم سیاسی انتقام پر یقین نہیں رکھتے ، ہم نیب سمیت تمام اداروں کو مکمل طور پرآ زاد کر رہے ہیں اور اداروں میں سیاسی مداخلت کو بھی ختم کردیا ہے، ہم صرف آئین وقانون کی حکمرانی کو یقینی بنا رہے ہیں کیونکہ اس سے ہی ملک اور ادارے مضبوط ہوں گے۔ اُنہوں نے کہا کہ کرپٹ سیاسی عناصر کو تاریخ اور قوم کبھی معاف نہیں کر ے گی۔ اُنہوں نے کہا کہ ملک کو معاشی طور پر مضبوط کرنے کیلئے کر پشن جیسے ناسور کو جڑوں سے ختم کر نا ہے جس کے لیے حکومت مکمل نیک نیتی کیساتھ کام کررہی ہے۔