اسلام آباد۔18دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے کہا ہے کہ اپوزیشن کو صرف اپنے کیسز کی فکر ہے، پی ڈی ایم کے بیانیہ میں پاکستان کے عوام کے لئے کچھ نہیں ہے، وزیراعظم عمران خان سینٹ الیکشن میں خرید و فروخت کا دروازہ ہمیشہ کے لئے بند کرنا چاہتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا پی ڈی ایم کے رہنما اپنے جلسوں میں عام آدمی کی بہتری کی کوئی بات نہیں کرتے، ان لوگوں کو صرف اپنی چوری کی فکر ہے، پی ڈی ایم کے بیانیہ میں پاکستان کے عوام کے لئے کچھ نہیں ہے بلکہ یہ تو صرف ملک کے قومی اداروں پر تنقید کرتے ہیں تاکہ حکومت پر دبائو بڑھا کر این آر او حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کا بیانیہ ہے کہ ووٹ کو عزت دو لیکن درحقیقت وزیراعظم عمران خان سینٹ میں ووٹ کو عزت دینے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان سینٹ الیکشن میں خرید و فروخت کا دروازہ ہمیشہ کے لئے بند کرنا چاہتے ہیں، اگر اپوزیشن واقعی چاہتی ہے کہ ووٹ کو عزت دی جانی چاہیے تو پھر سینٹ الیکشن میں ساتھ دیں ، اگر اپوزیشن جماعتیں استعفے دینا چاہتی ہیں تو پھر ان کو سینٹ الیکشن کی فکر نہیں ہونی چاہیے۔ عثمان ڈار نے کہا ہے ملک و قوم کی بہتری اور ترقی کے لئے کام کرنا حکومتوں کی ذمہ داری ہے، عوام ووٹ اسی لئے دیتے ہیں کہ ہم لوگ ان کی زندگیوں میں کوئی بہتری لا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے عوام کو علاج معالجے کی سہولیات فراہم کرنے کے لئے ہیلتھ کارڈز تقسیم کئے، احساس پروگرام کے تحت وزیراعظم عمران خان نے ملک کے غریب طبقات کو مالی امداد فراہم کی۔