اپوزیشن کو چاہئے کہ وسیع تر قومی مفاد کیلئے پارلیمنٹ میں آئے، پارلیمنٹ ہی تمام مسائل کے حل کیلئے بہترین فورم ہے‘وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

52

اسلام آباد۔21اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود نے کہا ہے کہ اپوزیشن کو چاہئے کہ وسیع تر قومی مفاد کیلئے پارلیمنٹ میں آئے، پارلیمنٹ ہی تمام مسائل کے حل کیلئے بہترین فورم ہے، حزب اختلاف کے پاس صرف احتجاج کے علاوہ اب کوئی چارہ باقی نہیں رہ گیا۔

بدھ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں حیرانگی ہوئی کہ پیپلز پارٹی نے پارلیمنٹ کے ایک اہم اجلاس کا بائیکاٹ کیوں کیا؟ مسلم لیگ (ن) ان دنوں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم)کے ٹکڑے ٹکڑے ہونے پر ہوش میں نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک سے پی ڈی ایم کا خاتمہ ہو چکا ہے ‘ اس کا اب کوئی مستقبل نہیں ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی کی عادت ہے دوسرے ارکان کی توہین اور ان کے ساتھ بدسلوکی کرنا، پارلیمنٹ میں ان کا یہی توہین آمیز رویہ پی پی پی کی گزشتہ گورنمنٹ میں بھی دیکھنے کو ملتا تھا۔ شفقت محمود نے کہا کہ کورونا کی تیسری لہر انتہائی خطرناک ہے، احتیاط ہی واحد اس سے بچنے کا واحد راستہ ہے، عوام کو کورونا ایس او پیز پر ذمہ داری سے عمل کرنا چاہئے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت نے تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کا مطالبہ پورا کرتے ہوئے فرانسیسی سفیر کو ملک بدر کرنے سے متعلق قرارداد قومی اسمبلی میں پیش کر دی ہے، ملک میں امن وامان کی صورتحال معمول پر لائی جارہی ہے۔