اپوزیشن کی سیاست کی بنیاد دھاندلی ہے،موجودہ حکومت اگلے انتخابات میں جدیدترین ٹیکنالوجی کا استعمال کر کے ملک میں صاف و شفاف انتخابات کر اکے دکھائی گی، وفاقی وزیرحماد اظہر

80

اسلام آباد۔26ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے توانائی و پٹرولیم حماد اظہر نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کنٹونمنٹ بورڈز انتخابات میں سب سے زیادہ سیٹیں جیت کر دوبارہ قومی جماعت بن کر ابھری ہے، شہباز شریف کا بیان تضاد پر مبنی ہے، عام انتخابات میں ابھی 2 سال باقی ہیں اور ن لیگ نے ابھی سے دھاندلی کا رونا شروع کر دیا ہے کیونکہ ان کو اپنی شکست نظر آ رہی ہے،

اپوزیشن نے آج تک شفاف انتخابات کے صرف کھوکھلے نعرے لگائے ہیں، عملی طور پر کچھ نہیں کیا، تحریک انصاف کی شفاف انتخابات کیلئے طویل جدوجہد ہے اور ہم انتخابات میں جدیدترین ٹیکنالوجی کا استعمال کر کے ملک میں صاف و شفاف انتخابات کر کے دکھائیں گے۔

اتوار کو اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے بیان پر نجی ٹی وی چینل کو ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ہمیشہ سے ہی شفاف انتخابات پر یقین رکھتی ہے اور ہماری انتخابات میں شفافیت لانے کیلئے طویل جدوجہد ہے، 2013ءانتخابات میں ہم نے چار حلقے کھلوانے کی بنیاد پر 126 دن کا دھرنا دیا تھا کیونکہ ن لیگ حلقے کھلوانے کیلئے تیار نہیں تھی۔ حماد اظہر نے کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین بھارت سمیت متعدد ممالک میں استعمال ہو رہی ہے، جہاں بھی انتخابات میں جدید ٹیکنالوجی استعمال کی جا رہی ہے وہاں پر دھاندلی کم ہوئی ہے،

موجودہ حکومت اگلے انتخابات میں جدید ترین ٹیکنالوجی کا استعمال کر کے انتخابات کو شفاف بنانے کیلئے پر عزم ہے، اپوزیشن کی سیاست کی بنیاد جعلی ووٹرز اور دھاندلی ہے، موجودہ حکومت ملک میں شفاف انتخابات کر کے دکھائی گی، اپوزیشن اسلئے ٹیکنالوجی کی مخالفت کر رہی ہے کیونکہ ان کو پتہ ہے کہ اگر ملک میں شفاف انتخابات ہوئے تو ان کی سیاست ہمیشہ کیلئے دفن ہو جائے گی۔

ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ ن لیگ نے اقتدار میں آنے کے بعد اپنے پہلے سال کے دوران بجلی کی قیمتوں میں 30 فیصد اضافہ کیا تھا، اس کے بعد باقی چار سالوں کے دوران انہوں نے بجلی کے مہنگے منصوبے لگائے اور حالیہ بجلی کے نرخوں میں اضافے کی ذمہ دار سابقہ حکومت ہی ہے،

موجودہ حکومت نے بجلی کے منصوبوں کے حوالے سے کوئی سودے بازی کی اور نہ ہی کوئی نئے مہنگے منصوبے لگائے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت درست سمت کی جانب گامزن ہے، گزشتہ سال گروتھ 4 فیصد رہی، پہلے اپوزیشن نہیں مان رہی تھی لیکن اب وہ بھی مان گئی ہے کہ گروتھ چار فیصد تک رہی،

ابھی جس رفتار سے معیشت چل رہی ہے رواں سال گروتھ 5 فیصد سے بھی بڑھنے کا امکان ہے جس سے ملک میں روزگار کے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔

حماد اظہر نے کہا کہ کورونا بحران کی وجہ سے اس وقت پوری دنیا میں اشیائے خوردونوش کی قیمتیں بڑھی ہیں، پاکستان زیادہ تر چیزیں درآمد کرتا ہے اسلئے عالمی قیمتوں کا پاکسان پر بھی اثر پڑا ہے لیکن دوسرے ممالک کے مقابلے میں پاکستان میں اشیائے خوردونوش کی قیمتیں اب بھی کم ہیں۔