اسلام آباد۔15دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ اپوزیشن کے جلسوں اور لانگ مارچ سے حکومت بالکل خوفزدہ نہیں ہے، اپوزیشن جماعتیں خود دبائو میں ہیں، حکومت شو آف ہینڈز کے ذریعے سینٹ الیکشن کرانا چاہتی ہے، پٹرولیم بحران کے حوالے سے کمیشن بنایا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پر کسی قسم کا کوئی دبائو نہیں ہے بلکہ اپوزیشن جماعتیں اس وقت خود دبائو کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خفیہ رائے دہی حکومت کے فائدے میں ہوتا ہے لیکن اس کے باوجود حکومت چاہتی ہے کہ شو آف ہینڈ کے ذریعے الیکشن کرایا جائے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پٹرولیم اور انرجی کے ایشو پر کابینہ میں کئی بار بحث ہوئی ہے، پورے ملک کو پی ایس او پٹرول فراہم کرتی رہی، پرائیویٹ کمپنیز نہیں دے رہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ آئل مافیا اور دیگر مافیاز کے خلاف پہلے کبھی کمیشن نہیں بنے، حکومت پٹرولیم بحران کے معاملے پر مٹی نہیں ڈالے گی، رپورٹ پر کارروائی ضرور ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت سے پہلے بھی یہی کمپنیز تھیں، گزشتہ حکومتوں نے اسٹوریج استعداد کار بڑھانے پر توجہ نہیں دی۔