اسلام آباد۔28جنوری (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اپوزیشن کے دعوؤں کی قلعی کھلتی جارہی ہے ، سینیٹ میں اکثریت کے باوجود شکست کھانے سے عددی اکثریت کی قلعی کھل گئی۔جمعہ کو اپنے ایک بیان میں وزیر خارجہ نے کہا کہ میں قائد حزب اختلاف یوسف رضا گیلانی کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گا، یوسف رضا گیلانی آج شکریے کے مستحق ہیں۔
شاہ محمودقریشی نے کہا کہ آج یوسف رضا گیلانی نے حق ادا کردیا کہ جب سرکاری ووٹوں سے قائد حزب اختلاف منتخب ہوں تو نتائج اچھے نکلتے ہیں۔ اپوزیشن کے دعوؤں کی قلعی کھلتی جارہی ہے ، آج سینیٹ میں اکثریت کے باوجود شکست کھانے سے عددی اکثریت کی قلعی کھل گئی۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آج آپ نے دیکھ لیا کہ اتنے اہم بل پر لیڈر آف اپویشن نے جو ہمیں شکریہ کا موقع دیا اس پر اپوزیشن اتحاد کی اصلیت سامنے آگئی۔اپوزیشن اپنے لوگوں کو حوصلہ دینے کے لئے دعوے کرتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اپویشن میں دم خم نہیں ہے ،ہماری حکومت کو مہنگائی کے چیلنج کا سامنا ہے ، اگر ہم نے اس پر قابو پالیا تو ہم سرخرو ہوکرنکلیں گے۔