اسلام آباد ۔ 14 ستمبر (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان کے ویژن کو عملی شکل دینے کیلئے تمام ادارے کوشاں ہیں ،جمہوریت اور معاشرہ اپوزیشن کے کردار کے بغیر مکمل نہیں ہوتا، اپوزیشن کے رویے سے کشمیر کاز کو نقصان پہنچ رہا ہے ،جو پاکستانی بیانیے کی نفی کرے گا وہ سیاسی افق سے مٹ جائے گا،آج کشمیر کسی ایک جماعت کی طرف نہیں بلکہ پاکستان کی طرف دیکھ رہا ہے، وزیراعظم عمران خان بھارت کا اصل چہرہ پوری دنیا کے سامنے بے نقاب کررہے ہیں،اپوزیشن وزیراعظم کی کاوشوں میں اپنا مثبت کردار ادا کرے ،بھارتی میڈیا اپوزیشن کے کردار کو اچھال رہا ہے، پاکستان کے قومی معاملات اور بیانیے میں ہم سب کو متحد ہونا چاہیے ،کل مظفرآباد کے جلسے میں ہر طبقہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ بھر پور انداز میں اظہار یکجہتی کیا، ماضی کے قوانین میں موجود سقم دور کئے جارہے ہیں ،عوام کو سستا اور فوری انصاف فراہم کرنا وزیراعظم عمران خان کا ویژن ہے،عام پاکستانی کی سہولت کیلئے قوانین میں تبدیلیاں لائی جارہی ہیں،ملکی قوانین میں تبدیلیوں کے حوالے سے وزیراعظم کی ہدایات ملتی رہتی ہیں،وزیراعظم عمران خان ملک کو فرسودہ نظام سے نکالنا چاہتے ہیں۔ہفتہ کو وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم کے ہمراہ یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوے وزیراعظم کی معاون خصوصی براے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ چھٹی کے روز آپ کی یہاں موجودگی اس بات کی علامت ہے کہ نیشنل کاز پر ہم سب متفق ہیں۔مظفرآباد میں کشمیری بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کے حوالے سے انہوں نے وزیراعظم عمران خان کی طرف سے تمام میڈیا اینکرز ،رپورٹرز ،کیمرہ مینز،ٹیکنیشنز،عالمی میڈیا،سول سوسائٹی اور آرٹسٹ کمیونٹی سمیت زندگی کے ہر شعبہ سے تعلق رکھنے والے افراد کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ کل ہر طبقہ اور سوچ سے تعلق رکھنے والے افراد کشمیریوں کی آواز بن کر باہر نکلے اور ان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے مظفرآباد پہنچے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام کو وزیراعظم عمران خان سے اس فرسودہ نظام کو بدلنے کی توقعات وابسطہ ہیں اور تمام پاکستانی اس گلے سڑے نظام سے نجات حاصل کرنے کیلئے وزیراعظم سے توقعات رکھتے ہیں تاکہ عام آدمی کی زندگی میں بہتری آئے اور اس کو تحفظ حاصل ہوسکے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں موجود قوانین کو سول سوسائٹی،میڈیا اور قانونی ماہرین کی مدد سے تبدیل کرنے کے حوالے سے مشاورت کی جارہی ہے اور ملک کے موجودہ فرسودہ نظام اور قوانین میں تبدیلی وزیراعظم عمران خان کی سوچ کی عکاسی اور عوام کی امنگوں کی آئینہ دار ہے۔