لاہور۔29مئی (اے پی پی):آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن اور ازبکستان کی ٹیکسٹائل ایسوسی ایشنز نے دوطرفہ تجارت کو موجودہ 114 ملین ڈالر کی سطح سے کہیں بلند کرنے کیلئے تعاون پر اتفاق کیا ہے۔یہ فیصلہ جمعرات کو یہاں اپٹما ہاوس میں ہونے والی ایک اہم ملاقات میں کیا گیا۔ازبکستان کے وفد کی قیادت ڈپٹی چیئرمین چیمبر آف کامرس توختیوف اکوبیر جون حکیمو وچ نے کی جبکہ دیگر ارکان میں ازبکستان کے ٹیکسٹائل، سرمایہ کاری اور تجارتی اداروں کے سینئر نمائندگان شامل تھے۔
پاکستانی وفد کی قیادت چیئرمین اپٹما کامران ارشد نے کی جبکہ معروف ٹیکسٹائل برآمدکنندگان اور اپٹما کے سیکرٹری جنرل رضا باقر بھی شریک تھے۔ملاقات میں ازبک وفد نے بتایا کہ دونوں ممالک کی حکومتیں اور تجارتی تنظیمیں باہمی تعاون کو فروغ دینے کے لئے عملی اقدامات کر رہی ہیں۔
ازبک وفد نے پاکستان کو سرمایہ کاری ایکسپو میں شرکت کی دعوت دی اور بتایا کہ کراچی میں ازبک ٹریڈ سینٹر کا افتتاح ہو چکا ہے،لاہور میں بھی افتتاح آج ہو رہا ہے جبکہ اسلام آباد میں بھی جلد ٹریڈ سینٹر کھولا جائے گا۔وفد نے بتایا کہ پاکستان اور ازبکستان کے درمیان بینکنگ، ٹرانزٹ ٹریڈ اور براہ راست پروازوں سے متعلق متعدد اقدامات کئے جا رہے ہیں۔لاہور سے تاشقند کی براہ راست پروازیں شروع ہو چکی ہیں جبکہ کراچی اور اسلام آباد سے بھی جلد پروازیں متوقع ہیں۔
ملاقات میں تجویز دی گئی کہ اپٹما اور ازبک ٹیکسٹائل ایسوسی ایشن کے درمیان باضابطہ تعاون کا معاہدہ کیا جائے اور لاہور میں ازبک ٹریڈ سینٹر کے قیام کیلئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے جائیں۔اس موقع پر چیئرمین اپٹما کامران ارشد نے دوطرفہ تجارت میں درپیش مسائل پر روشنی ڈالی،جن میں بینکاری سہولیات، لیٹر آف کریڈٹ کا اجرا اور ٹرانس افغان ریلوے منصوبہ کی تکمیل میں رکاوٹیں شامل ہیں۔
ملاقات کے اختتام پر سیکرٹری جنرل رضا باقر نے ازبک وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس قسم کے دورے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی و صنعتی تعلقات کو مزید فروغ دیں گے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=602815