لاہور۔10جنوری (اے پی پی):لاہور ہائیکورٹ کے اپیلیٹ الیکشن ٹربیونل نے تحریک انصاف کی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد کی کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے اقدام کے خلاف دائر اپیل منظور کرلی اور ریٹرننگ افسر کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے اپیل کنندہ ڈاکٹر یاسمین راشد کو الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی ۔
لاہور ہائیکورٹ کے الیکشن ٹربیونل کے جج جسٹس طارق ندیم نے یاسمین راشد کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے آر او کے فیصلے کے خلاف دائر اپیل پر سماعت کی۔ بدھ کو دوران سماعت الیکشن ٹربیونل کے روبرو ڈپٹی کمشنر اور ریٹرننگ افسر پیش ہوئے۔ ٹربیونل جج نے ریٹرننگ افسر کے گذشتہ روز طلبی پر پیش نہ ہونے پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور ریٹرننگ افسر کا پیش کردہ میڈیکل سرٹیفکیٹ مسترد کردیا ۔
الیکشن ٹربیونل نے یاسمین راشد کے کاغذات مسترد کرنے کا ریٹرننگ افسر کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا اور این اے 130 سے ان کی اپیل منظور کرتے ہوئے الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی۔