لاہور۔13جنوری (اے پی پی):وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے وزیر اعظم عمران خان کے حکومتی وزرا سے متعلق بیان پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں اس بات کی مکمل تائید کرتا ہوں کہ جو وزرا حکومتی پالیسی سے متفق نہیں، انہیں مستعفی ہو جانا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ اچھے برے حالات میں اپنے قائد کی پالیسیوں کی حمایت اور دفاع کرنا حکومتی ٹیم کا اخلاقی فرض ہے۔ فیاض الحسن چوہان نے مزید کہا کہ حکومتی پالیسی سے مکمل اتفاق سے ہی اسکا نفاذ یقینی بنایا جا سکتا ہے۔ رانا ثنا اللہ کی میڈیا ٹاک پر اپنے ردعمل میں وزیر جیل خانہ جات پنجاب نے کہا کہ رانا ثنا اللہ کی کارکنان سے شہباز شریف کی پیشی پر آنے کی منتوں نے لیگی قیادت کی اصلیت بتا دی ہے۔ اپنے جھوٹے اور ملکی دشمنی پر مبنی بیانیے نے لیگی کارکنان کو پارٹی قیادت سے بیزار کر دیا ہے۔ قیادت کارکنان کو اس بات پر آمادہ کر رہی ہے کہ شہباز شریف ن لیگ کے مرکزی صدر ہیں۔ فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ اگر یہی حالات رہے تو ن لیگ کی بچی کھچی ساکھ اور ووٹ بنک بھی سب کچھ جلد ختم ہو جائے گا۔آخر میں وزیر جیل خانہ نے کہا کہ عوام کے سرد رویوں نے پی ڈی ایم کی گرمجوشی کو خاک میں ملا دیا ہے اور ایسا ہونا نظر آ رہا ہے کہ آئندہ انتخابات میں بھی پاکستان کی عوام وزیراعظم عمران خان کو ووٹ ڈالے گی اور پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑی ہو گی۔