کوئٹہ۔ 18 اپریل (اے پی پی):وزیراعلیٰ بلوچستان میرسرفرازبگٹی نے کہاہے کہ اڑان پاکستان کے تحت تعین کردہ اہداف میں بلوچستان حکومت بھرپور حصہ ڈالے گا، بلوچستان کے گورننس کوبہتر بنایا جائے گا اور ایک ہفتے میں بلوچستان ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ بورڈ تشکیل دیں گے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز وفاقی وزارت منصوبہ بندی کے زیر اہتمام اڑان پاکستان کے صوبائی مشاورتی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر سینیٹر احسن اقبال ،صوبائی وزرا و اراکین اسمبلی بخت محمد کاکڑ، سردار کوہیار ڈومکی، میر عاصم کرد گیلو، مینا مجید بلوچ، عبد المجید بادینی، محمد خان لہڑی، میر لیاقت لہڑی، حاجی ولی محمد نورزئی، نوابزادہ زرین خان مگسی، خیر جان بلوچ، ڈاکٹر نواز کبزئی، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات حافظ عبد الباسط، سیکرٹری تعمیرات و مواصلات لعل جان جعفر، سیکرٹری ایری گیشن حافظ عبد الماجد، پرنسپل سیکرٹری وزیر اعلی بابر خان، عمران خان، نیاز احمد نیچاری، شفقت انور شاہوانی، دائود خان بازئی، سید ظفر بخاری، و دیگر بھی موجود تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ قومی شاہراہ این 25 اور کچھی کینال کی تعمیر کے حوالے سے وزیر اعظم کے شکر گزار ہیں ، اب 2 سال میں یہ سڑکیں بن جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ ڈویلپمنٹ کیلئے وسیع سوچ کو اپنانے کی ضرورت ہے ،80 فیصد پی ایس ڈی پی خرچ کر چکے ہیں، بلوچستان کے لوگوں کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ اڑان پاکستان سے متعلق اہداف حاصل کریں گے۔ بلوچستان پر سب سے بڑی تنقید بیڈ گورننس کی ہوتی ہے ،دہشتگردی کوئی بڑا چیلنج نہیں ہے، مجھے یقین ہے کہ بلوچستان میں دہشتگردی پر جلد قابو پا لیں گے ،مسئلہ نوجوانوں کا ہے جو بیڈ گورننس کی وجہ سے ریاست سے بد دل ہوئے ہیں ہم ان جوانوں پر کام کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اڑان پاکستان منصوبے میں عمل درآمد میں بلوچستان سب سے پہلے ہوگا، ایک ہفتے میں ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ بورڈ بنائیں گے۔ حکومت بلوچستان کے سکالر شپس پروگرام میں پسماندہ ترین اضلاع کو فوکس کیا گیا ہے ،ہمیں بلوچستان کے نوجوانوں کو ایک بہتر مستقبل دینا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=584088