24.4 C
Islamabad
منگل, اپریل 8, 2025
ہومتازہ تریناکائیاں مضبوط ہوں گی تو وفاق مضبوط ہوگا، پانی کی تقسیم کا...

اکائیاں مضبوط ہوں گی تو وفاق مضبوط ہوگا، پانی کی تقسیم کا قانون موجود ہے، ہم جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں، بات چیت کے ذریعے مسائل کا حل چاہتے ہیں، اپوزیشن لیڈر نے اپنے رویئے سے ثابت کیا کہ وہ نااہل اپوزیشن لیڈر ہیں، عطاء اللہ تارڑ

- Advertisement -

اسلام آباد۔7اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ اکائیاں مضبوط ہوں گی تو وفاق مضبوط ہوگا، ہم جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں، پانی کی تقسیم کا قانون موجود ہے، ہمیں تمام صوبے عزیز ہیں، بات چیت کے ذریعے مسائل کا حل چاہتے ہیں، اپوزیشن لیڈر نے اپنے رویے سے ثابت کیا کہ وہ نااہل اپوزیشن لیڈر ہیں، وہ عوامی مسائل کے حل کے لئے سنجیدہ نہیں ہیں۔

پیر کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ صوبے مضبوط ہوں گے تو وفاق مضبوط ہوگا، اس ایوان میں ایسی سیاسی جماعتیں موجود ہیں جنہوں نے پچھلے کئی سالوں سے جمہوریت کے استحکام اور وفاق کی مضبوطی کے لئے کردار ادا کیا اور بے شمار قربانیاں دیں جو اپنی مثال آپ ہیں، ہم جمہوری عمل کا حصہ ہیں، ہماری جماعت ایک جمہوری جماعت ہے، ہم کسی چیز کو بلڈوز کرنے اور کوئی رائے مسلط کرنے پر یقین نہیں رکھتے۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ ملک میں آئین اور ایک نظام موجود ہے۔ 1991ءکے پانی کی تقسیم کے معاہدہ پر تمام صوبوں کے دستخط موجود ہیں، وہ معاہدہ میاں نواز شریف کی حکومت میں معرض وجود میں آیا، اسی پارلیمان نے ارسا ایکٹ 1992ءمنظور کیا، اس ایکٹ کے تحت پانی کی منصفانہ تقسیم کے حوالے سے ایک منصفانہ نظام وضع کیا گیا، انڈس ریور سسٹم اتھارٹی قائم کی گئی جس کے تحت رولز بھی موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سیاسی اور جمہوری لوگ ہیں اور اتفاق رائے کے لئے اپنا کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اکائیاں مضبوط ہوں گی تو وفاق مضبوط ہوگا، اس ملک کے چاروں صوبے، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر ہمیں اتنے ہی پیارے ہیں جتنا ہمیں پنجاب پیارا ہے، سندھ اولیاء کرام کی دھرتی ہے، اس سے ہمارا لگائو ہمارے لئے مقدس حیثیت رکھتا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پانی کی تقسیم کا مسئلہ ٹیکنیکل مسئلہ ہے، اس کا حل بھی ٹیکنیکل طور پر ہی نکلتا ہے، ہماری کوشش ہوگی کہ اس مسئلے کا حل افہام و تفہیم سے نکل سکے۔

وفاقی وزیر عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر نے اپنے رویئے سے ثابت کیا کہ وہ نااہل اپوزیشن لیڈر ہیں، انہوں نے سپیکر کی فراخدلی اور غیر جانبداری کا ناجائز فائدہ اٹھانے کی کوشش کی، آج جو الفاظ استعمال کئے ہم اس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، انہوں نے اس ایوان کی توقیر کا بھی خیال نہیں کیا، وہ نہ تو کے پی کے سے مخلص ہیں اور نہ ہی سندھ سے، جب سندھ کی بات ہوئی تو انہوں نے اس پر بھی جواب سننا گوارہ نہیں کیا کیونکہ وہ اس مسئلہ میں دلچسپی نہیں رکھتے، انہیں عوامی مسائل سے کوئی دلچسپی نہیں۔ وفاقی وزیر نے آخر میں اس شعر کے ساتھ اپوزیشن لیڈر کے کردار کو اجاگر کیا۔

جاہل کو اگر جہل کا انعام دیا جائے
اس حادثہ وقت کو کیا نام دیا جائے
میخانے کی توہین ہے رندوں کی ہتک ہے
کم ظرف کے ہاتھوں میں اگر جام دیا جائے

وفاقی وزیر اطلاعات نے اپنی گفتگو کے آغاز میں صدر پاکستان کی صحت یابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ صدر پاکستان وفاق کے سربراہ ہیں، وہ روبصحت ہو رہے ہیں، وزیراعظم کی بھی فون پر ان سے بات ہوئی ہے اور انہوں نے صدر مملکت کی مزاج پرسی کی۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=579288

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں