اکتوبر کے دوران بینک ڈیپازٹس میں 20 فیصد اضافہ ہوا ،سٹیٹ بینک آف پاکستان

146
State Bank of Pakistan
State Bank of Pakistan

اسلام آباد۔6نومبر (اے پی پی):اکتوبر 2020 کے دوران بینک ڈیپازٹس میں 20 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق اکتوبر 2020 کے اختتام پر بینک ڈیپازٹس کا حجم 16.664 کھرب روپے تک پہنچ گیا جبکہ اکتوبر 2019 کے خاتمہ پر بینکنگ سیکٹر کے ڈیپازٹس کا حجم 13.912کھرب روپے ریکارڈ کیا گیا تھا۔ اس طرح ایک سال کے دوران بینکنگ سیکٹر کےڈیپازٹس میں 2.752 کھرب روپے یعنی 20 فیصد اضافہ ریکارڈ کیاگیا ہے۔ بینکاری کے شعبہ کے ماہرین اور تجزیہ کاروں نے کہا ہے کہ بینکنگ سیکٹر کے ڈیپازٹس کی شرح میں اضافہ کا بنیادی سبب کووڈ۔19 کی وبا ہے کیونکہ سفری اخراجات میں کمی کی وجہ سے لوگوں نے اپنی بچتیں بینکوں میں جمع کرائی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق رواں سال 2020 کے پہلے 10 ماہ کے دوران بینکوں کے ڈیپازٹس میں 14 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جو گزشتہ 13 سال کے مقابلہ میں سب سے زیادہ اضافہ ہے۔ کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے لوگ اندرون ملک اور بیرون ملک سفر نہ کر سکے اور نہ ہی حج و عمرہ وغیرہ کے لئے حرمین شریفین جا سکے جس کی وجہ سے ان کے شاپنگ اور ریستوران کے اخراجات بھی کم ہوئے ہیں۔
\395