اکتیسویں نیشنل مینز، سترہویں نیشنل ویمنز اور چھٹی نیشنل کیڈٹ و جونیئر کراٹے چیمپئن شپ 2025 کا شاندار اختتام ہو گیا

4

راولپنڈی۔22جون (اے پی پی):اکتیسویں نیشنل مینز، سترہویں نیشنل ویمنز اور چھٹی نیشنل کیڈٹ و جونیئر کراٹے چیمپئن شپ 2025 کا شاندار اختتام ہو گیا۔ پاکستان کراٹے فیڈریشن سے منسلک تمام اکائیوں جن میں آرمی، واپڈا، ایچ ای سی، ریلوے، پولیس، خیبرپختونخوا، پنجاب، اسلام آباد، سندھ اور بلوچستان شامل تھے نے اس ایونٹ میں بھرپور شرکت کی۔ مردوں کے مقابلوں میں آرمی نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے آٹھ گولڈ، ایک سلور اور ایک برانز میڈل حاصل کر کے چیمپئن کا اعزاز حاصل کیا۔

پنجاب اور خیبرپختونخوا نے ایک گولڈ، ایک سلور اور ایک برانز میڈل کے ساتھ مشترکہ طور پر رنر اپ پوزیشن حاصل کی جبکہ واپڈا نے چھ سلور اور ایک برانز میڈل کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔ خواتین کے مقابلوں میں واپڈا نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے چھ گولڈ اور چار سلور میڈلز کے ساتھ فاتح ٹرافی اپنے نام کی۔ آرمی نے دو گولڈ اور تین سلور میڈلز کے ساتھ دوسری جبکہ سندھ نے ایک گولڈ، ایک سلور اور ایک برانز میڈل کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔

کیڈٹ و جونیئر کیٹیگری میں آرمی نے تین گولڈ اور ایک برانز میڈل حاصل کر کے فاتح کا اعزاز حاصل کیا۔ واپڈا دو گولڈ، دو سلور اور ایک برانز میڈل کے ساتھ رنر اپ رہا جبکہ سندھ نے دو گولڈ اور پانچ برانز میڈلز کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔ اختتامی تقریب میں مہمان خصوصی بریگیڈیئر ظفر محمود عباسی نے کامیاب کھلاڑیوں میں میڈلز اور ٹرافیاں تقسیم کیں۔

انہوں نے اپنے خطاب میں پاکستان کراٹے فیڈریشن کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے قومی سطح کے مقابلے نوجوان کھلاڑیوں کو نہ صرف اپنی صلاحیتیں نکھارنے کا موقع فراہم کرتے ہیں بلکہ پاکستان میں کھیلوں کے فروغ کے لیے بھی نہایت اہم کردار ادا کرتے ہیں۔