مظفر آباد۔ 02 جون (اے پی پی):وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ اگر مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل نہ کیا گیا تو جنوبی ایشیاء پر جنگ کے بادل منڈلاتے رہیں گے ۔فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی جانب سے مسئلہ کشمیر پر دوٹوک موقف کے اعادے کا خیر مقدم کرتے ہیں اور انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں ، بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں بند کرے اور عالمی مبصرین کو مقبوضہ کشمیر آنے دے ۔
وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار کل جماعتی حریت کانفرنس آزادکشمیر شاخ کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ، جس نے کنوینئر غلام محمد صفی کی قیادت میں ایوان وزیراعظم میں ان سے ملاقات کی۔ وفد میں حریت کانفرنس کے راہنما ایڈڈوکیٹ پرویز شاہ، عبدالحمید لون، راجہ خادم حسین، مشتاق السلام اورعبدالمجید میر شریک تھے۔
ملاقات کے دوران مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے سمیت باہمی دلچسبی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے کہا کہ آپریشن بنیان المرصوص کی بے مثال کامیابی پر افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ، انہوں نے کشمیر پر واضح موقف اپنانے اور اسکا اعادہ کرنے پر فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کو بھی خراج تحسین پیش کیا ۔انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کی شدید مذمت کی اور شہدائے کشمیر کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ۔انہوں نے کہا کہ بھارتی جارحیت کے خلاف افواجِ پاکستان کی کامیاب اور تاریخی دفاعی کارکردگی پر حکومتِ پاکستان، پاکستانی عوام، اور خصوصاً افواجِ پاکستان کو دل کی گہرائیوں سے زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اسوقت ایکبار پھر عالمی سطح پر اجاگر ہوا ہے اور عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کے حوالے سے آواز بلند ہونا شروع ہوگئی ہے۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ افواجِ پاکستان اور حکومتِ پاکستان مسئلہ کشمیر کے پر امن، منصفانہ اور پائیدار حل کے لیے اپنی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی کوششوں کو مزید مؤثر اور تیز تر بنائیں گے۔انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں جاری ریاستی دہشت گردی، کشمیری مسلمانوں کی شناخت کو مٹانے کی مذموم کوششوں ، غیر ریاستی باشندوں کی آبادکاری، آزادی پسند کشمیری عوام کے گھروں کو بارود سے اڑانے، جائیدادوں کی غیر قانونی ضبطگی اور پہلگام واقعہ کی آڑ میں ہزاروں کشمیری نوجوانوں کی بلا جواز گرفتاریوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا ۔
انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ بھارتی حکومت مقبوضہ کشمیر میں خوف و ہراس کا ماحول قائم کرکے شہری آزادیوں کو کچلنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، جو ناقابلِ قبول ہے ۔ وزیراعظم نے اقوامِ متحدہ، اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی ) اور دنیا بھر کے آزادی پسند اقوام و اقوامِ عالم سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت پر دباؤ ڈالیں تاکہ مسئلہ کشمیر کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ اگر مسئلہ کشمیر کے حل میں ماضی کی طرح غفلت یا پس و پیش کی گئی تو جنوبی ایشیا میں جنگ کے بادل منڈلاتے رہیں گے جس کے عالمی امن پر سنگین اثرات مرتب ہوں گے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے کنوینر غلام محمد صفی نے وزیراعظم کی جانب سے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کی کوششوں کو سراہا اور اس امید کا اظہار کیا گیا کہ یہ سرگرمیاں مزید تیز ہوں گی تاکہ دنیا بھارتی ظلم و ستم کا حقیقی چہرہ پہچان سکے اور کشمیری عوام کو ان کا حقِ خودارادیت دلوایا جا سکے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=604195