اسلام آباد۔16اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ اگر کوئی وزارت پاکستان کی تقدیر بدل سکتی ہے تو وہ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی ہے۔
جمعہ کو اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ وہ وزیراعظم کے مشکور ہیں جنہوں نے وزارت سائنس و ٹیکنالوجی میں کام کرنے کا موقع فراہم کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کو وزارت سائنس و ٹیکنالوجی میں ضم کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کو علم کی معیشت کے ایک مرکز میں تبدیل کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنی ٹیم کا بھی مشکور ہوں جس نے بہترین طریقے سے کام کیا۔
شبلی فراز کے ساتھ بطور وزیر میں وہاں شروع کئے گئے ٹاسک سے وابستہ رہوں گا۔ بطور وزیر اطلاعات میرا کام پاکستان کے بارے میں غلط فہمیوں کو دور کرنا اور نیا پاکستان بنانے کے لئے حکومت کی متحرک کوششوں کو اجاگر کرنا ہے۔