اسلام آباد ۔ 4 اگست (اے پی پی) ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات نے کہا ہے کہ 5 اگست کو کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے پاکستان کی عوام، یوتھ اور اسلام آباد کے شہری ان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں، اس دن کی مناسبت سے ہم بینرز لگائیں گے، مختلف پروگرام کریں گے اور سوشل میڈیا پر آگاہی بھی کریں گے۔ ”اے پی پی” سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 5 اگست کو ہر سال کی طرح اس سال بھی اظہار یوم یکجہتی کے طور پر منائیں گے اور جن کشمیریوں کو شہید کیا گیا اور جو بھارت کی طرف سے جو شب خون مارا گیا ہے، اس مرتبہ بھی اس کو اجاگر کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عوام، یوتھ اور اسلام آباد کے شہری کشمیر کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور یہ قوم کبھی بھی انہیں نہیں بھول سکتی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ گزشتہ سال بھی ہم نے یہ دن کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر منایا تھا لیکن اس مرتبہ کورونا وائرس کی وجہ سے ہم سماجی فاصلے پر عملدرآمد کو یقینی بناتے ہوئے اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہوں گے، بینرز لگائیں گے، مختلف پروگرام کریں گے اور سوشل میڈیا پر آگاہی بھی کریں گے اور کشمیر کاز کو دنیا کے سامنے اجاگر کریں گے۔