24.1 C
Islamabad
اتوار, اگست 31, 2025
ہومقومی خبریںاگست 2019ء کو بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر کی...

اگست 2019ء کو بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کا خاتمہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا یوم استحصال کشمیر کے موقع پر پیغام

- Advertisement -

اسلام آباد۔5 اگست (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ 5 اگست 2019ء کو بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کا خاتمہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ یوم استحصال کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ 5 اگست 2019ء کا بھارت کا غیر قانونی اقدام کشمیری عوام کے حق خودارادیت کو دبانے کی ناکام کوشش تھی، جسے کشمیری عوام نے یکسر مسترد کر دیا۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ بھارتی آئین سے آرٹیکلز 370 اور 35 (اے) کی منسوخی کا مقصد مقبوضہ کشمیر میں آبادیاتی تبدیلی کے ذریعے کشمیریوں کی شناخت اور حق ملکیت کو ختم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوم استحصال کشمیریوں کی جدوجہد آزادی سے یکجہتی اور بھارتی جارحیت کے خلاف مزاحمت کی تجدید کا دن ہے۔

سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ کشمیری عوام گزشتہ سات دہائیوں سے بھارتی جبر، تشدد اور مظالم کا سامنا کرتے ہوئے اپنے حق کے لیے بھارتی افواج کے مظالم کا استقامت اور ثابت قدمی سے مقابلہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، پاکستانی عوام اپنے مقبوضہ کشمیر کے بہن بھائیوں کی جدوجہد آزدی میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی بربریت پورے خطے کے امن کے لیے سنگین خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین، بچوں اور بزرگوں پر ڈھائے جانے والے مظالم عالمی ضمیر کے لیے لمحہ فکریہ ہیں، کشمیر کا مسئلہ انسانی حقوق، آزادی اور انصاف سے جڑا ہوا ہے جسے مزید نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان نے ہر بین الاقوامی فورم پر کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لیے آواز بلند کی ہے۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی قومی اسمبلی نے کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی حمایت اور بھارتی مظالم کے خلاف متعدد قراردادیں منظور کیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز میں اجاگر کرنے کے لیے سفارتی، سیاسی اور پارلیمانی ذرائع بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے عالمی برادری سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی روکنے اور کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے سنجیدہ اور موثر اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا۔

ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ نے یوم استحصال کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی جانب سے روا رکھے جانے والے مظالم کشمیریوں کے حوصلے اور عزم کو متزلزل نہیں کر سکے، کشمیری عوام آج بھی استقامت سے اپنے حق خودارادیت کی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی نے آرٹیکل 370 اور 35 (اے) کی منسوخی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں کا مرتکب ہو رہا ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ کشمیر کے دیرینہ مسئلے کے حل کے لیے عملی اور فیصلہ کن کردار ادا کرے۔

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں