اگلے چند ماہ میں تین سے چار نئے بحری جہاز خریدے جائیں گے ،وفاقی وزیر بحری امور علی حیدرزیدی

68

اسلام آباد۔13دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر بحری امور علی حیدرزیدی نے کہا ہے کہ اگلے چند ماہ میں تین سے چار نئے بحری جہاز خریدے جائیں گے ۔ پیر کو اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ٹگ بوٹس، جو بحری جہازوں کو برتھ کرنے کے لیے استعمال ہوتی تھیں پچھلے پانچ سالوں میں پورٹ قاسم اتھارٹی چار ٹگ بوٹس کرائے پر لینے کے لیے یومیہ 29ہزار ڈالرزادا کر رہا تھا۔اس حوالے سے مالی معاملات کے کچھ محتاط انتظام کے بعد ہم نے ٹینڈرنگ کے عمل کے ذریعے ٹگ بوٹس اور پائلٹ بوٹس خریدیں جس سے ہزاروں ڈالرز کی ادائیگیوں کی بچت کی گئی۔

علی زیدی نے مزید کہا کہ ہم نے کے پی ٹی کی کارکردگی بڑھانے کے لیے ٹگ بوٹس بھی منگوائی ہیں۔ یہ تقریباً 65 ملین ڈالر کا پراجیکٹ تھا جس کے لیے ہم نے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام سے کوئی فنڈنگ نہیں لی۔ پوری رقم بندرگاہوں کی اپنی آمدن سے ادا کی گئی۔علی زیدی نے کہا کہ شپنگ پر ایل این جی کی ترسیل کے اثرات کو کم کرنے کے لیے، 49 کلومیٹر طویل چینل میں نائٹ نیویگیشن کی اجازت دینے کے لیے، ڈریلنگ کے ذریعے گہرا اور چوڑا کرنے کی ضرورت ہے۔

اس منصوبے کی لاگت تقریباً 258 ملین ڈالر ہے اور اس کی مالی اعانت بھی پی ایس ڈی پی سے نہیں ہوگی۔ اس سے ایک نیا متبادل نیویگیشن چینل کھل جائے گا ۔ علی زیدی نے مزید کہا کہ پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کے پاس نو جہازوں کا بیڑا تھا جس میں ہم نے دو کا اضافہ کیا ہے۔ صلاحیت بڑھانے کے لیے ہمارا منصوبہ اگلے چھ سے آٹھ ماہ میں مزید تین یا چار جہاز حاصل کرنے کا ہےجس کے لئے ٹینڈر کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔