اگلے48سے72 گھنٹوں کے دوران مختلف علاقوں میں تیز بارش جاری رہنے کا امکان ہے، این ڈی ایم اے

104
NDMA
NDMA

اسلام آباد۔26جولائی (اے پی پی):حالیہ بارشوں کے باعث تربیلا ڈیم اپنی مکمل گنجائش کا تقریباً 81.58 فیصد اور منگلا ڈیم 77.47 فیصد بھر چکا ہے، اگلے48سے72 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مختلف علاقوں میں تیز بارش جاری رہنے کا امکان ہے، نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ( این ڈی ایم اے ) نے ممکنہ خطرات کے تدارک کیلئے ایڈوائزری جاری کر دی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پچھلے 24 گھنٹوں میں سبی میں 127، بارکھان میں66 اور پڈعیدن میں 164 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

موسلادھار بارشوں کے باعث اگلے 24 گھنٹوں کے دوران بلوچستان کے اضلاع لورالائی، قلات،سبی ،مکران ،نصیرآباد میں ندی نالوں میں سیلابی صورتحال کا سامنا ہو سکتا ہے جبکہ ڈیرہ غازی خان میں ہل ٹورنٹ کا خطرہ ہے۔ اسی طرح دریائے کابل سے منسلک ندی نالوں میں فلیش فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کی پیشنگوئی کے مطابق اگلے48سے72 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں گرج چمک کے ساتھ ملک کے درج ذیل مختلف علاقوں میں تیز بارش جاری رہنے کا امکان ہے۔

اس کی وجہ سے خیبرپختونخوا ،گلگت بلتستان اور آزاد جموں کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ، فلیش فلڈنگ اور موسمی نالوں طغیانی کا خدشہ برقرار رہے گا۔ جنوبی پنجاب اور بلوچستان کے پہاڑی علاقوں میں ہل ٹورنٹ کا خطرہ برقرار ہے، اسی طرح دریائوں میں تیز بہائو اور نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے۔

این ڈی ایم اے نے اپنی ایڈوائزری میں کہا ہے کہ ممکنہ خطرات کے تدارک کیلئے عوام کی پیشگی اطلاع وحفاظتی تدابیر کی تشہیر کی جائے۔ حساس علاقوں کی جانب ٹریفک کی منظم نگرانی کی جائے۔ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے مشینری تیار رکھیں۔ نشیبی علاقوں میں رہائش پذیر لوگوں کی نقل مکانی کیلئے انتظامات کیے جائیں۔