اسلام آباد۔18دسمبر (اے پی پی):حکومت کی جانب سے معیشت کے استحکام اورپائیداراقتصادی نموکیلئے اٹھائے جانےوالے اقدامات کے نتیجہ میں اہم معاشی اشاریوں میں بہتری کارحجان جاری ہے، مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں حسابات جاریہ کے کھاتوں کے خسارہ میں سالانہ بنیادوں پر64 فیصد جبکہ تجارتی خسارہ میں 28 فیصدکی نمایاں کمی ریکارڈکی گئی ہے، جاری مالی سال میں ملکی برآمدات میں 5 فیصدکااضافہ جبکہ درآمدات میں 16 فیصدکی کمی ہوئی ہے۔
سٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 5ماہ (جولائی تانومبر2023) تک کی مدت میں ملک کے تجارتی خسارہ (اشیا وخدمات) کاحجم 9.89 ارب ڈالرریکارڈکیاگیا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 28 فیصدکم ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں پاکستان کاتجارتی خسارہ 13.74 ارب ڈالرریکارڈکیاگیاتھا۔نومبرمیں تجارتی خسارہ کاحجم 1.925 ارب ڈالرریکارڈکیاگیا جوگزشتہ سال نومبرکے مقابلہ میں 4 فیصدکم اوراکتوبر2023 کے مقابلہ میں 3 فیصدزیادہ ہے، گزشتہ سال نومبرمیں پاکستان کاتجارتی خسارہ 2.012 ارب ڈالر اوراکتوبرمیں 1.864 ارب ڈالرریکارڈکیاگیاتھا۔
سٹیٹ بینک کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں ملکی برآمدات(اشیا) کاحجم 12.511 ارب ڈالرریکارڈکیاگیا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 5 فیصدزیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں اشیاکی برآمدات سے ملک کو11.915 ارب ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہواتھا،نومبرمیں اشیا کی برآمدات کاحجم 2.731 ارب ڈالرریکارڈکیاگیا جواکتوبرکے مقابلہ میں ایک فیصدکم اورگزشتہ سال نومبرکے مقابلہ میں 22 فیصدزیادہ ہے، اکتوبرمیں اشیا کی برآمدات کاحجم 2.764 ارب ڈالر اورگزشتہ سال نومبرمیں 2.248 ارب ڈالرریکارڈکیاگیاتھا۔
اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں ملکی درآمدات کاحجم 21.281 ارب ڈالرریکارڈکیاگیا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 16 فیصدکم ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں درآمدات پر25.342 ارب ڈالرکازرمبادلہ صرف ہواتھا۔نومبرمیں پاکستان کی مجموعی درآمدات پر4.458 ارب ڈالرکازرمبادلہ صرف ہوا جواکتوبرکے مقابلہ میں دوفیصدزیادہ اورگزشتہ سال نومبرکے مقابلہ میں 3فیصدزیادہ ہے، اکتوبرمیں ملکی درآمدات کاحجم 4.378 ارب ڈالر اورگزشتہ سال نومبرمیں 4.334 ارب ڈالرریکارڈکیاگیاتھا۔
سٹیٹ بینک کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 5ماہ میں حسابات جاریہ کے کھاتوں کے خسارہ میں سالانہ بنیادوں پر64 فیصدکی کمی ہوئی ہے، جولائی سے نومبر2023 تک کی مدت میں حسابات جاریہ کے کھاتوں کاخسارہ 1.160 ارب ڈالرریکارڈکیاگیا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 3.264 ارب ڈالرتھا۔اعدادوشمارکے مطابق نومبرمیں حسابات جاریہ کے کھاتوں کاتوازن 9 ملین ڈالرفاضل ریکارڈکیاگیا ہے،اکتوبرمیں حسابات جاریہ کے کھاتوں کاخسارہ 184 ملین ڈالراورگزشتہ سال نومبرمیں 157 ملین ڈالرریکارڈکیاگیاتھا۔
سٹیٹ بینک کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 5ماہ میں پرائمری بیلنس 2.957 ارب ڈالرریکارڈکیاگیاہے جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 52 فیصدزیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں پرائمری بیلنس 1.951 ارب ڈالرریکارڈکیاگیاتھا۔نومبرمیں پرایمری بیلنس 509 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جواکتوبرمیں 878 ملین ڈالر اورگزشتہ سال نومبرمیں 437 ملین ڈالرتھا۔