ایئر انڈیگو کی نئی دہلی سے دوحہ جانے والی پرواز کے پائلٹ کی درخواست پر پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ہنگامی لینڈنگ اور ڈائیورزن کی اجازت دیدی

270

اسلام آباد۔13مارچ (اے پی پی):ایئر انڈیگو کی نئی دہلی سے دوحہ جانے والی پرواز کے پائلٹ کی بیمار مسافر کے باعث جہاز کراچی کی طرف موڑنے کی درخواست پر پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ہنگامی لینڈنگ اور ڈائیورزن کی اجازت دے دی۔

ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی کی طرف سے جاری بیان کے مطابق نئی دہلی سے دوحہ جانے والی ایئر انڈیگو پرواز کے مسافر کی حالت بگڑنے پر پاکستان سول ایوی ایشن حکام نے میڈیکل ایمرجنسی کی بنیاد پر طیارے کو کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی اجازت دے دی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایئر انڈیگو کا جہاز دہلی سے دوحہ جارہا تھا کہ پائلٹ نے بیمار مسافر کے باعث جہاز کراچی کی طرف موڑنے اور ڈاکٹر اور ایمبولینس فراہم کرنے کی درخواست کی ، پائلٹ کی طرف سے بتایا گیا کہ مریض 60 سالہ نائجیرین باشندہ ہے جس کی سانس اور نبض نہیں آرہی ۔

پائلٹ کی درخواست کے جہاز وقت سولہ ناٹیکل مائلز پر پنجگور کے مشرق میں تھا۔ ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بتایا کہ جہاز نے تقریبا رات 12 بجکر 12 منٹ پر لینڈ کیا جس پر کل 163 مسافر سوار تھے ۔ ترجمان نے بتایا کہ بیماری کی شدت کے باعث مسافر جانبر نہ ہو سکا اور صبح 4 بجکر 6 منٹ پر ائیر انڈیگو کا جہاز نائجیرین باشندہ کی میت اپنے ساتھ لے کر دوحہ کے لئے روانہ ہو گیا۔